مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی، 2 افراد جاں بحق

فوٹو: فائل


سرینگر: مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کے مظالم کا سلسلہ جاری ہے۔ بھارتی فوج نے مزید دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ مستقل جاری ہے۔ کشمیر کے ضلع کلگام کے علاقہ گوپال پورہ میں نام نہاد آپریشن کے دوران علاقہ کا محاصرہ کر کے گھر گھر تلاشی لی گئی اس دوران دو بے گناہ نوجوانوں کو فائرنگ کر کے شہید کر دیا گیا۔

قابض انتظامیہ نے علاقہ میں آپریشن کے دوران انٹرنیٹ سروس کو مکمل طور پر معطل کر دیا جبکہ کسی بھی شہری کو گھر سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں تھی۔

رمضان المبارک میں بھی بھارتی فوج کی جارحیت جاری ہے جبکہ قابض فوج کی ریاستی دہشت گردی، بلا اشتعال فائرنگ اور بے گناہ افراد کی شہادت کے خلاف مشتعل افراد نے احتجاج بھی کیا اور قابض انتظامیہ کے خلاف نعرے لگائے۔

گزشتہ ہفتہ 16 مئی کو بھی بھارتی فوج نے ضلع پلوامہ اور بارامولا میں نام نہاد آپریشن کے دوران فائرنگ کر 5 بے گناہ شہریوں کو شہید جبکہ ایک گھر کو مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا تھا۔ جس کے بعد علاقہ میں شیدید کشیدگی پیدا ہو گئی تھی۔ ضلع پلوامہ میں کشیدگی کے باعث قابض انتظامہ نے علاقہ میں کرفیو نافذ کر دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم، اپریل میں 13 کشمیری شہید

12 مئی کو بھی بھارتی فوج نے ضلع شوپیاں کے علاقہ ستی پورہ میں نام نہاد آپریشن کے دوران 2 افراد کو شہید کر دیا تھا۔ بھارتی فوج کی 34 راشٹریہ رائفل، سینٹرل ریزرو پولیس فورس اور اسپیشل سروس گروپ کے اہلکاروں نے علاقے میں سرچ آپریشن کے نام پر مشترکہ کارروائی کی تھی جبکہ اس سے ایک روز قبل بھی ایک کشمیری نوجوان کو شہید کر دیا گیا تھا۔

گزشتہ ماہ اپریل میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے مختلف کارروائیوں کے دوران فائرنگ کر کے 13 بے گناہ کشمیریوں کو شہید کر دیا جبکہ حریت رہنماؤں سمیت 182 بے گناہ کشمیریوں کو گرفتار بھی کیا گیا۔


متعلقہ خبریں