عمران خان، صدر پیوٹن ملاقات کی تیاریاں شروع


وزیراعظم عمران خان اور روس کے صدر ولادی میر  پیوٹن کے درمیان  ملاقات کی تیاریاں جاری ہیں جو شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس کے موقع پرمتوقع ہے۔

دفتر خارجہ کے ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او)کا سربراہ اجلاس 14 ،15 جون کوکرغستان کے دارالحکومت بشکیک میں منعقد ہوگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک روس سربراہ اجلاس کے  ایجنڈے کو  دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان ہونے والی ملاقات میں حتمی شکل دی جائیگی۔

دفتر خارجہ کے ذرائع کے مطابق شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او)کے  وزرائے خارجہ کے اجلاس کی سائیڈ لائن پر پاک روس وزرائے خارجہ  کی ملاقات  بھی ہوگی ۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اجلاس میں شرکت کے لیے بشکیک پہنچ چکے ہیں۔

یاد رہے اس سے قبل صدر مملکت ممنون حسین کی بھی اپنے روسی ہم منصب ولادی میر پیوٹن سے گزشتہ برس ملاقات ہوئی تھی۔

اس موقع پر روس کے صدر ولادی میر پیوٹن نے کہا تھا کہ روس اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تجارت میں اضافے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

روسی صدر نے ان خیالات کا اظہار چنگ ڈاؤ میں صدر مملکت ممنون حسین سے اپنی ملاقات میں کیا جو شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں شرکت کے لیے چین میں موجود تھے۔

صدر مملکت آٹھ جون کو شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے چین کے شہر چنگ ڈاؤ پہنچے تھے جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا تھا۔

شنگھائی تعاون تنظیم میں پاکستان، چین، روس، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان اور بھارت شامل ہیں جبکہ ایران اور افغانستان شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں بطور مبصر شریک ہوئے تھے۔

یہ بھی پڑھیے:صدر ممنون حسین کی روسی اور ازبک ہم منصبوں سے ملاقاتیں

متعلقہ خبریں