کراچی: دو گروہوں کے درمیان تصادم، ایک شخص جاں بحق، 4 زخمی



کراچی: نیو سبزی منڈی کے قریب دو گروہوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 4 افراد شدید زخمی ہو گئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق سائٹ سپرہائی وے پر دو مسلح گروہوں میں تصادم اسوقت ہواجب منڈی میں کسی شخص کی جانب سے پانی کے چھڑکاؤ کے بعد ایک تاجر مبینہ طور پر گیلی زمین پرپڑے کیلے کے چھلکے کی وجہ سے پھسل کرگرپڑااوراس تاجر کے حامیوں کی پانی کے چھڑکاؤکرنےوالے شخص سے جھگڑاہوگیا-

پولیس کے مطابق علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔ دونوں گروہوں کے درمیان فائرنگ سے علاقے میں بھی خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ وقتی طور پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی تھی۔

تصادم کے فوری بعد نیو سبزی منڈی کو بھی بند کر دیا گیا اور کسی بھی قسم کی خریدو فروخت روک دی گئی تھی جبکہ تصادم کے نتیجے میں زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں گھوٹکی: 2 گروپوں کے درمیان تصادم، 3 افراد ہلاک، 2 زخمی

پولیس کے مطابق زخمیوں میں سے 2 کی شناخت اسماعیل اور اسحاق کے ناموں سے ہوئی ہے جبکہ 2 ملزمان مومن اور بسم اللہ کو اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا گیا ہے، پولیس فائرنگ کے واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے اور جائے وقوعہ سے مزید شواہد اکھٹے بھی کیے جا رہے ہیں۔

گزشتہ ماہ سندھ کے ضلع گھوٹکی کے علاقہ ڈہرکی میں دو گروہوں کے درمیان تصادم کے دوران فائرنگ سے 3 افراد ہلاک اور 2 زخمی ہو گئے تھے۔

پولیس کے مطابق دونوں گروہوں کے درمیان تصادم زمین کے تنازعہ پر ہوا تھا جبکہ جاں بحق ہونے والے تینوں افراد آپس میں رشتہ دار تھے۔


متعلقہ خبریں