نیب نے چیئرمین سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی کو گرفتار کرلیا


کراچی: قومی احتساب بیورو( نیب )نے چیئرمین سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی  خورشید جمالی کوگرفتار کرلیاہے۔ نیب نے خورشید جمالی کے علاوہ نجی کمپنی کےمزید 2 افراد کو بھی حراست میں لیا ہے۔

نیب سندھ نے رات گئے کراچی میں بڑی کارروائی کے بعد سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی کے چیئرمین خورشید جمالی کو تحقیقات کے سلسلے میں گرفتار کیا ۔

ذرائع کے مطابق خورشید جمالی کیخلاف نیب کی تحقیقات جاری تھیں، وہ سندھ ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی میں کنسلٹنٹ بھی رہے ہیں۔

نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان پر  ٹرانسمیشن اینڈڈسپیچ کمپنی میں  بے قاعدگیوں کا الزام ہے اور اسی حوالے سے تفتیش کے لیے خورشید جمالی کو گرفتار جبکہ دیگر 2افراد کو حراست میں لیا گیاہے۔

یہ بھی پڑھیے:آصف زرداری اوربلاول  کی پیشی سے قبل کراچی سے 2 افراد گرفتار

تاریخی لمحہ رقم، تھرکول سے بجلی کی پیداوار شروع ہوگئی

واضح رہے سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی تھر میں کوئلے سے بجلی پیدا کرنےوالے کارخانوں میں اہم شراکت دار ہے ۔

تھر میں کوئلے کے ذخائر کو 13بلاکس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ 98 مربع کلو میٹر کا رقبہ سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی کے پاس ہے جس میں1.57 بلین ٹن کوئلہ موجود ہے جس کے ذریعے آئندہ پچاس برس تک5ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کی جاسکے گی۔

یاد رہے رواں سال 18مارچ کو  تھرکول سے بجلی کی پیداوار شروع ہوگئی تھی ۔

ہم نیوز کے مطابق تھرکول کے 330 میگاواٹ پاورپلانٹ سے نیشنل گرڈ کو بجلی دیدی گئی۔ اس طرح تھر بدلے گا پاکستان کے حقیقی خواب کی تعبیر کی جانب پہلا قدم اٹھ گیا۔

نیشنل گرڈ کو بجلی کی فراہمی کے موقع پر تھرکول اتھارٹی کے ملازمین نے ایک دوسرے کو مبارکباد دی اور خوشی کا اظہارکیا۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے18مارچ ہی کو  سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کیا تھا کہ آج پاکستان کیلئے بڑا دن ہے۔ تھرکول سے بجلی بنانے والے پہلے 330 میگاواٹ کے پاور پلانٹ کو نیشنل گریڈ سے منسلک کردیا گیا ہے۔

سندھ میں مقامی کوئلے سے 660 میگا واٹ بجلی پیدا کرنے والا ایک اور پاور پلانٹ بھی 2019 میں ممکنہ طور پر کام شروع کر دے گا۔


متعلقہ خبریں