گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکٹس جاری کرنے کا ’ٹھیکہ‘ چیلنج کردیا گیا

گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکٹس جاری کرنے کا ’ٹھیکہ‘ چیلنج کردیا گیا

فائل فوٹو


لاہور: گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکٹس کا ٹھیکہ پرائیوٹ کمپنی (نجی کمپنی) کو دینے کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کرتے ہوئے لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب حکومت سمیت دیگر فریقین کو نوٹسز جاری کردیے ہیں۔ عدالت عالیہ نے فریقین سے جوابات بھی طلب کرلیے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے جج جناب جسٹس شجاعت علی خان نے گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کرتے ہوئے احکامات جاری کیے ہیں۔

عدالت عالیہ لاہور میں درخواست گزار کی جانب سے سلمان منصور ایـڈوکیٹ پیش ہوئے۔

ہم نیوز کے مطابق درخواست گزار نے اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ حکومت نے غیر قانونی طور پر گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹس جاری کرنے کا ٹھیکہ پرائیویٹ کمپنی کو دیا ہے۔

درخواست گزار کے مطابق حکومت کی جانب سے پرائیویٹ کمپنی کو مراعات دی گئیں اور حکومت کو حاصل ہونے والے ٹیکس کا 95 فیصد پرائیویٹ کمپنی کے حوالے کر دیا گیا۔

گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے لاہور ہائی کورٹ میں دائر کی جانے والی درخواست میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ قانون میں گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹس دینے کا اختیار پرائیویٹ کمپنی کو نہیں ہے اور نہ ہی اس کی کوئی گنجائش موجود ہے۔

عدالت عالیہ لاہور سے درخواست گزارنے استدعا کی ہے کہ گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹس جاری کرنے کا اختیار پرائیوٹ کمپنی کو دینے کا اقدام کالعدم قرار دیا جائے۔


متعلقہ خبریں