فرشتہ واقعہ میں غفلت کے مرتکب اہلکاروں کو جیل بھیجا جائے، شیری رحمان



اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان نے کہا ہے کہ بچی فرشتہ کے واقعہ میں غفلت کر مرتکب پولیس اہلکاروں کو جیل بھیجا جائے، ملک میں انصاف کا یہ حال ہے کہ پوچھنے والا ہی کوئی نہیں ہے۔

شیری رحمان نے اسلام آباد میں زیادتی کے بعد قتل ہونے والی بچی فرشتہ کے اہلخانہ سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ فرشتہ کو زیادتی کے بعد قتل کر دیا گیا لیکن اس کا پوسٹ مارٹم ہی نہیں کیا جا رہا تھا اور ایف آئی آر کے مطالبہ پر تھانہ صاف کرانے کو کہا گیا۔

انہوں نے کہا کہ غفلت کے مرتکب پولیس اہلکاروں کو صرف معطل کر دینا ہی کافی نہیں انہیں برطرف کر کے جیل بھیجا جائے کیونکہ ایف آئی آر درج نہ کرنے کا مطلب پولیس ملزمان سے ملی ہوئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں فرشتہ قتل کیس: مظاہرین اور انتظامیہ میں مذاکرات کامیاب

پیپلز پارٹی رہنما نے کہا کہ فرشتہ کا کیس تو رپورٹ ہو گیا لیکن جو کیس رپورٹ ہی نہیں ہوتے ان کا کیا ہو گا ؟ غریب کے لیے الگ اور امیر کے لیے الگ قانون نہیں ہو سکتا۔ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری نے بھی افسوسناک واقعہ پر آواز اٹھائی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ فرشتہ پوری قوم کی بیٹی ہے، قوم کی بیٹی اور انصاف کے لیے بھرپور آواز اٹھائیں گے۔ کیا یہ ریاست مدینہ ہے جہاں پوچھنے والا ہی کوئی نہیں ہے جبکہ یہاں ایک ظلم سے بلکہ تواتر سے ہی مظالم ہو رہے ہیں۔

شیری رحمان نے کہا کہ مظلوم کے ساتھ پہلے انصاف ہونا چاہیے، جزا اور سزا پر عمل کو یقینی بنائیں گے تو آئندہ جرم نہیں ہو گا جبکہ ہم چاہتے ہیں کہ مظلوم اور غریب کو سب سے پہلے انصاف ملے۔


متعلقہ خبریں