رمضان میں قیمتیں کم کرنے والا دکاندار


پشاور: یہ بد قسمتی کی بات ہے کہ رمضان کے بابرکت مہینے کی آمد پرذخیرہ اندوز اور ناجائز منافع خور نیکیاں کمانے والے قیمتی دن پیسہ کمانے پر ضائع کر دیتے ہیں اور اپنی عاقبت بھی خراب کر بیٹھتے ہیں اور روزہ داروں کے لیے باعث تکلیف بھی بنتے ہیں۔

نفسانفسی کے اس ماحول میں پشاور کے علاقے یونیورسٹی ٹاؤن کے ایک دکاندار نے اپنے حصے کی شمع روشن کی ہوئی ہے اور وہ ماہ رمضان میں معمول کی قیمتیں بڑھنے کے بجائے کم کر دیتا ہے۔ 1974 سے قائم اس دکان پر روزہ داروں کو سستی اشیائے خورونوش میسرہوتی ہیں اور یہ رعایت پہلے روزے سے لے کر عید کے دن تک جاری رہتی ہے۔

گولڈن اسٹور کا مالک تنویراحمد روزہ داروں کے لیے رمضان بچت اسٹور بنا لیتا ہے، اس کا کہنا ہے کہ یہ برکتوں کا مہینہ ہے جس میں کمائی کے بجائے روزہ داروں کو سہولت دینے سے دلی سکون بھی ملتا ہے اور رعایتی نرخ لاگو کرنے کے باوجود اسے کبھی نقصان نہیں ہوا۔

اس دکان میں رمضان کے پہلے ہی دن کھانے پینے کی اشیاء میں 8 سے 10 فیصد کمی کردی جاتی ہے، رعایتی داموں پر میسر اشیاء میں قابل ذکر کھجور، آٹا، تیل اور مختلف قسم کے مشروبات شامل ہیں۔

یہاں سے خریداری کرنے والے شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت کے سستے بازار نمائشی ہیں جبکہ اس دکان پر ہر سال رمضان میں بغیر کسی کے اشیائے ضرورت سستی مل جاتی ہیں۔ منافع خوری اورمادہ پرستی کے اس دور میں تنویراحمد جیسے غریب پرور افراد بلاشبہ اسلام اور انسانیت کا روشن چہرہ پیش کر رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں