قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس، ملکی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں ملکی سیکیورٹی اور سرحدوں کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس کے بعد جاری ہونے والے اعلامیے میں بتایا گیا کہ تینوں مسلح افواج کے سربراہان، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان، وزیردفاع ،وزیر داخلہ، مشیر خزانہ، وفاقی وزیرقانون فروغ نسیم، اٹارنی جنرل انور منصور خان، ڈی جی آئی ایس آئی، ڈی جی آئی ایس پی آر اور دیگر نے اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس میں جیواسٹریٹجک ماحول پر تبادلہ خیال جبکہ علاقائی امن واستحکام کیلئے کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق معاشی معاملات کے پائیدار اور دیرپا حل کی کوششوں کی حمایت کی گئی۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ فیصلہ سازی کے عمل میں گلگت بلتستان کے نوجوانوں کو اولیت دینی چاہیے۔

اجلاس سے پہلے وزیراعظم اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ملاقات بھی ہوئی۔

مزید پڑھیں: بھارتی جارحیت پر منہ توڑ جواب دیا جائیگا، وزیراعظم

خیال رہے کہ پاکستان اور ایف اے ٹی ایف کے درمیان دو روز تک چین میں جاری رہنے والے مذاکرات 17 مئی کو مکمل ہوگئے تھے۔

چین کے شہر گیانگ زو میں ہونے والے مذاکرات میں پاکستان کے وفد کی قیادت سیکرٹری خزانہ یونس ڈھاگہ نے کی تھی۔

وفد میں وزارت داخلہ، ایف آئی اے، وزارت خارجہ، سیکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن (ایس ای سی پی)، نیکٹا اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان سمیت دیگر اداروں کے اعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے۔

مذاکرات میں شریک ایشیا پیسفک گروپ میں نو ممالک کے ارکان شامل تھے جن میں امریکہ، چین، آسٹریلیا، ترکی، برطانیہ، جرمنی، فرانس، ملائشیا اور بھارت شامل تھے۔

رواں سال فروری میں وفاقی حکومت نے جماعت الدعوۃ اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کو کالعدم قرار دے دیا تھا اور یہ فیصلہ بھی ایک قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے دوران ہوا تھا۔


متعلقہ خبریں