کوئٹہ: 70 ارب روپے لوٹ کر فرار ہونیوالے ’ڈبل شاہ‘ کیخلاف احتجاج


کوئٹہ کے ’ڈبل شاہ‘ کی جانب سے شہریوں سے اربوں روپے بٹور کر فرار ہونے کے خلاف متاثرین نے مظاہرہ کیا اور حکومت سے نجی کمپنی کے مالک کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔

کوئٹہ پریس کلب کے سامنے ہونے والے احتجاج میں مظاہرین نے کمپنی کے مالک کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔

متاثرین کا کہنا ہے کہ انہوں نے لالچ میں آکر گھر کی تمام جمع پونجی اس کمپنی میں لگائی تھی۔

کمپنی کے ایک ملازم عمران یونس کا کہنا ہے کہ اس کی زندگی بھر کی جمع پونجی لٹ گئی بلکہ متاثرین بھی انہیں تنگ کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ان کے تحفظ کے لیے اقدامات کرے کیونکہ سرمایہ لگانے والے متاثرین اب انہیں اور ان کے گھر والوں کو تنگ کر رہے ہیں۔

میٹروپولیٹن کوئٹہ لیبر یونین کے جنرل سیکرٹری ندیم کھوکھر کا کہنا تھا کہ صرف میٹرو پولیٹن کوئٹہ کے ملازمین سے دو کروڑ روپے ہتھیا چکے ہیں جس کی وصولی کے لیے حکومت کو فوری اقدامات کرنے چاہئیں۔

واضح رہے کہ کاشف قمر نامی شخص نے تین سال قبل کوئٹہ سمیت اندرون بلوچستان کمپنی کے دفاتر قائم کئے تھے جہاں شہریوں سے پیسہ لیکر موٹر سائیکلوں کا کاروبار کیا جا رہا تھا اور شہریوں کو ایک لاکھ 18 ہزار کا سرمایہ لگانے پر 17500 روپے منافع مل رہا تھا۔

مارچ میں سیکورٹیز ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے کاروبار کی نوعیت واضح نہ ہونے پر کمپنی کو نوٹس جاری کیا تھا جس میں کمپنی سے وضاحت طلب کی گئی تھی۔

متاثرین کے مطابق کمپنی کا ما لک 70 ارب روپے لوٹ کر بیرون ملک فرار ہو چکا ہے۔ متاثرین نے حکومت سے ملزم کی فوری گرفتاری اور رقم دلوانے کا مطالبہ کیا ہے۔


متعلقہ خبریں