پاک بحریہ کی بڑی کامیابی، میری ٹائم پیٹرول ویسل بیڑے میں شامل


کراچی شپ یارڈ میں تیار کردہ میری ٹائم پیٹرول ویسل کی تقریب رونمائی کردی گئی۔

اس موقع پر تقریب رونمائی کے مہمان خصوصی وائس چیف آف نیول اسٹاف وائس ایڈمرل کلیم شوکت نے کہا کہ یہ جہاز اسٹیٹ آف دی آرٹ سینسرز اور آلات سے آراستہ ہے جو پاکستان کے دفاعی اثاثوں میں اہم اضافہ بھی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ یہ جہاز پاک چین اقتصادی راہدری (سی پیک) اور گوادر بندر گاہ کی سیکیورٹی میں اہم کردار ادا کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پاک بحریہ کا کامیاب میزائل تجربہ 

وائس چیف آف نیول اسٹاف نے کہا کہ میری ٹائم شعبے کے لیے کراچی شپ یارڈ کی خدمات قابل تحسین ہیں جبکہ پاک بحریہ جہاز سازی کے شعبے میں خود انحصاری حاصل کرنے کے لیے پر عزم ہے۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق 1500 ٹن کی میری ٹائم پیٹرول ویسل پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے لیے چین کے تعاون سے بنائی گئی تاہم اس کی تیاری کے مراحل کراچی شپ یارڈ میں مکمل کیے گئے ہیں۔

واضح رہے گزشتہ برس پاک بحریہ کے لیے بنائے جانے والے جدید ترین تین ہزار ٹن سروے جہاز کی چین میں رونمائی کی گئی تھی۔

ترجمان پاک بحریہ نے بتایا تھا کہ پاک بحریہ کے لیے چین میں بنایا گیا جدید ترین تین ہزار ٹن سروے جہاز کی تقریب رونمائی میں چیف نیول اوورسیز چائنہ کموڈور اظفر ہمایوں، مقامی حکومت اور پاک بحریہ کے حکام بھی شریک تھے۔


متعلقہ خبریں