نوجوان قیادت کا سامنے آنا ضروری ہے، فرحت اللہ بابر


اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما فرحت اللہ بابر نے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال میں نوجوان قیادت کا سامنے آنا ضروری ہے۔

پروگرام ندیم ملک لائیو میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو معلوم ہے کہ ملک کے مسائل کیا ہیں اسی لیے اب ان کا کردار بہت اہم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آخر احتساب کا عمل شفاف کیوں نہیں کیا جاتا؟ جب یہ حکومت آئی اس وقت بھی بڑے بڑے اہداف رکھے گئے تھے اور اب بھی ویسی ہی باتیں ہورہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے نہیں یاد کہ آج تک کسی حکومت نے بڑے بڑے اہداف کا تعین کرکے کچھ نہ کیا ہو لیکن یہ ایک نااہل حکومت ہے اور انہیں اب اس بات کا اعتراف کرلینا چاہیئے۔

فرحت اللہ بابر نے کہا کہ عوام کو صرف مہنگائی سے غرض ہوتی ہے وہ قیمتوں میں کمی چاہتے ہیں، انہیں کرنٹ اکاؤنٹ ڈیفیسٹ کی کوئی سمجھ نہیں۔

حزب اختلاف کی جماعتوں میں نوجوان قیادت وقتی طور پر آئی ہے، ہمایوں اختر خان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما ہمایوں اختر خان نے کہا کہ اب تک ملک میں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے 21 پروگرام آئے ہیں اور سب نے ایک ہی پالیسی کے تحت اور شرائط پر معاہدہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ حزب اختلاف کی جماعتوں میں نوجوان قیادت وقتی طور پر سامنے آئی ہے جب ان کے بڑے واپس آجائیں گے تو یہ نظر نہیں آئیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ندیم ملک کے سوالات پر محمدزبیر کے انتہائی اہم انکشافات

ہمایوں اختر خان نے کہا کہ معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے پوری منصوبہ بندی ہورہی ہے، موجودہ حکومت نے سابقہ حکومت کے مقابلے میں اسٹیٹ بینک سے کم قرض لیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے مختصر عرصے میں کرنٹ اکاؤنٹ ڈیفیسٹ کم کیا جس پر ہمیں سراہا جانا چاہیئے۔

مسلم لیگ ن کی حکومت نے مہنگائی کم کی، خرم دستگیر

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما خرم دستگیر نے کہا کہ پاکستان کا قرضہ 35 ہزار ارب سے تجاوز کرچکا ہے اور معیشت تباہ ہورہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے مہنگائی کم کی اور ہم واحد جماعت ہیں جس نے قیمتوں پر کنٹرول قائم رکھا، دراصل اس حکومت سے معیشت سنبھالی نہیں گئی۔

خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ معیشت کی تباہی کی ذمے داری وزیراعظم اور حکومت پرعائد ہوتی ہے۔


متعلقہ خبریں