عیدالفطر کب ہوگی؟ محکمہ موسمیات نے بتا دیا

شوال کا چاند دیکھنے کے لیے چار رکنی کمیٹی تشکیل

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے اعلان کیا ہے کہ عید الفطر پانچ جون 2019  کو ہونے کا قوی امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 29 رمضان 1440 ہجری یعنی چار جون 2019  کی شب شوال کا چند نظر آنے کی توقع ہے کیونکہ عید کے چاند کی پیدائش تین جون کو ہوجائے گی۔

چار جون کو ملک کے بیشتر حصوں میں مطلع جزوی  ابر آلود رہنے کی بھی توقع ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں ہر برس دو عیدوں کا معاملہ زیر بحث آتا ہے لیکن اس مرتبہ حکومت نے اس مسئلے کے خاتمے  کے لیے قمری کیلنڈر بنانے کا اعلان کیا ہے۔

رواں برس بھی ملک میں دو عیدیں ہونے کی توقع ہے کیوںکہ مسجد قاسم خان کے متنازع امام شہاب الدین پوپلزئی نے چھ مئی کو پہلے روزے کا اعلان کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: دو عیدوں کے معاملے پر مفتی منیب سے جواب طلب

یہ اقدام  وزارت سائنس اور ٹیکنالوجی نے رمضان اور عید کی تواریخ سے متعلق پیدا ہونے والے تنازعات کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کے لیے  کیا ہے۔

قمری کیلنڈر پانچ سال کے لیے تیار کیا جائے گا اور پانچ سال مکمل ہونے کے بعد اس کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔

یاد رہے پاکستان کی بوہری برادری بھی قدیم مصری کیلنڈر کے مطابق مذہبی تہوار مناتی ہے جس کے سبب ملک میں بعض اوقات تین عیدیں بھی منائی جاتی ہیں۔


متعلقہ خبریں