جعلی اکاؤنٹ کیس: زرداری آج نیب میں پیش نہیں ہوں گے

آصف زرداری سے آصفہ بھٹو، سراج درانی اور مراد علی شاہ سمیت دیگر کی ملاقات

فائل فوٹو


اسلام آباد: قومی احتساب بیورو(نیب) نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں کل بروز جمعرات سابق صدر آصف علی زرداری کو طلب کر رکھا ہے لیکن وہ اسلام آباد سے کراچی روانہ ہو گئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق صدر کل نیب کے دفتر نہیں جائیں گے اور مستقبل میں پیش ہونے کا فیصلہ بھی وکلا کی مشاورت سے کیا جائے گا۔

نیب نے آصف علی زرداری کو کل صبح 11 بجے اسلام آباد اولڈ ہیڈکوارٹر میں طلب کیا تھا۔

قبل ازیں 20 مارچ 2019 کو سابق صدر اور بلاول بھٹو نیب آفس میں پیش ہوئے تھے اور پارک لین کمپنی سے متعلق سوالات کے جواب دیے۔

یاد رہے کہ نیب سپریم کورٹ کے حکم پر جعلی بینک اکاؤنٹس کی تفتیش کر رہا ہے اور اس ضمن میں آصف علی زرداری، فریال تالپور، بلاول بھٹو، حسین لوائی اور دیگر سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے جب کہ کچھ ملزمان کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔

آصف زرداری اور فریال تالپورکی تمام کیسز میں عبوری ضمانت حاصل کر رکھی ہے۔

سپریم کورٹ نے سات جنوری 2018 کو جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کا معاملہ قومی احتساب بیورو کےپاس بھجوایا تھا۔

چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے ڈی جی نیب راولپنڈی عرفان منگی کو تفتیش کرنے والی ٹیم کا سربراہ مقرر کیا تھا اور اب نیب 29 مشکوک بینک اکاؤنٹس سے 35 ارب روپے منتقل ہونے پر تحقیقات کر رہا ہے۔

قبل ازیں سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے تشکیل دی گئی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے عدالت کو بتایا تھا کہ 104 جعلی بینک اکاؤنٹس کے ذریعے تقریباً 210 ارب روپے کی ٹرانزیکشنز ہوئیں۔


متعلقہ خبریں