زمین نگلتے سمندر سے 18 کروڑ افراد کو خطرہ

زمین نگلتے سمندر سے 18 کروڑ افراد کو خطرہ

گلوبل وارمنگ زمین پر زندگی کے لیے خطرہ بننے لگی، دنیا بھر میں آئندہ صدی تک سمندر کی سطح دو میٹر تک بلند ہونے کا خدشہ ہے جس کے باعث آنے والے 80 سالوں تک 18  کروڑ افراد بے گھر ہوسکتے ہیں۔

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ قطب شمالی اور جنوبی میں برف تیزی سے پگھل رہی ہے جوسطح سمندر میں اضافے کا باعث ہے۔

ماہرین ماحولیات کا کہنا ہے زمین کے درجہ حرارت میں کمی نہ ہوئی تو نئی صدی آنے سے پہلے ہی سمندر کی سطح دو میٹر تک بلند ہو چکی ہوگی، جس سے فرانس ،جرمنی، اسپین اور برطانیہ کے رقبے جتنی زمین سمندر برد ہو جائے گی۔

رہائشی زمین پانی کی نذر ہونے سے صدی کے اختتام تک 18 کروڑ افراد بے گھر ہوجائیں گے۔

حالیہ رپورٹ اقوام متحدہ کی جانب سے سطح سمندر میں اضافے سے متعلق جاری کیے گئے اندازے سے دگنی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ماحولیاتی تبدیلیاں خواتین پر زیادہ اثر انداز ہوتی ہیں

واضح رہے 2015 میں پیرس میں موسمیاتی تبدیلی سے متعلق منظور کیے گئے معاہدے میں زمین کے درجہ حرارت میں دو  ڈگری سینٹی گریڈ کمی لانے پر اتفاق کیا گیا تھا۔

ماہرین کے مطابق اگر آنے والی دہائیوں میں کاربن کے اخراج میں کمی کی جائے تو اس قسم کے حالات سے اب بھی بچا جاسکتا ہے لیکن اس کے لیے اجتماعی سطح پر کام کرنے ضرورت ہے۔

یاد رہے پاکستان کا شمار بھی ان دس ممالک میں ہوتا ہے جو ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات کا سب سے زیادہ شکار ہیں اور 2015 میں سمندر کی بلند ہوتی سطح کے باعث کراچی کے ڈوبنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں