‘کام بھی کریں گے ڈھول بھی پیٹیں گے‘



اسلام آباد: وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ملک کا نظام 70 سال پرانا ہے جسے ہماری حکومت بدلے گی اور کامیابی کا ڈھول بھی پیٹے گی۔

ہم نیوز کے پروگرام ’نیوز لائن‘ میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پالیسی بنانا بہت آسان ہے لیکن بیوروکریسی میں تبدیلیوں کے بغیر پالیسی پر عمل درآمد کرانا مشکل ہے۔

فرشتہ قتل کیس سے متعلق معاون خصوصی نے کہا کہ ایف آئی آر کے اندارج اور مدعی کی مرضی کے بغیر پوسٹ مارٹم نہیں کر سکتے۔ پولیس کو 70 سال سے سیاسی مقاصد  کے لیے استعمال کیا جارہا ہے تاہم ہم اس نظام میں تبدیلی لائیں گے۔

پاکستان کی موجودہ معاشی صورتحال پر ان کا کہنا تھا کہ ہم اس لیے عالمی مالیاتی فند (آئی ایم ایف) کے پاس گئے تاکہ بیرونی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو۔

انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت نے برآمدات میں بالکل اضافہ نہیں کیا اور روپے کی قدر کو بھی مصنوعی طریقے سے سہارہ دیا۔

فروس عاشق اعوان نے کہا کہ ملک مثبت سمت میں گامزن ہوچکا ہے اور جلد مشکلات سے نکل جائے گا۔

ان کے مطابق سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پاکستان کے ادارے گروی رکھ کر قرضے لیے لیکن بجٹ میں ان کا ذکر نہیں کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت پر قرضوں کا بہت دباؤ ہے سابقہ حکومت نے ادارے گروی رکھے اور ہم اس کی قسطیں ادا کر رہے ہیں۔

’مریم نواز کے بیانیے والد کو جیل میں پہنچا دیا‘

پاکستان کی سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے اپنے بیانیے سے والد کو جیل میں اور پارٹی کو بند گلی میں پہنچا دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز اپنے بیانیے کو بدلتی رہتی ہیں، ن لیگ نے تمام چور دروازے استعمال کر لیے ہیں اور اب ان کا ایک ہی بیانیہ لگ رہا ہے کہ ’ہمیں باہر جانے دو۔‘

ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز اعصابی جنگ ہار چکی ہیں اور ان کے دماغ پر عمران خان سوار ہیں۔

مسلم لیگ ن کے رہنما رانا مشہود نے فرشتہ کیس پر بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہم سب کا مشترکہ مسئلہ ہے اور سیاست کرنے کی بجائے مل کر اسے حل کرنا ہوگا۔

پاکستان کے معاشی حالات پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 2015 میں دنیا کے سب ادارے مثبت اعداد و شمار دے رہے تھے اور کیا یہ موجودہ حکومت اس وقت لاعلم تھی کہ ملک میں کیا ہو رہا ہے۔

ملک کی سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے رانا مشہود نے کہا کہ حکومت بتائے کہ ہم نے کس کو ڈیل کروانے کا کہا۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن 28 مئی کو مستقبل کے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔


متعلقہ خبریں