’راتوں رات معیشت کی صورتحال تبدیل نہیں ہوسکتی‘


اسلام آباد: حکومت کی معاشی مشاورتی کونسل کے رکن اور نامور ماہر معاشیات ڈاکٹر عابد قیوم سلہری کا کہنا ہے کہ راتوں رات معیشت کی صورتحال تبدیل نہیں ہوسکتی لیکن کم از کم یہ ضرور معلوم ہوگیا ہے کہ ڈالر کو جو ایک دم پر لگ گئے تھے، اس میں اہم کردار ذخیرہ اندوزوں کا تھا۔

ہم نیوز کے پروگرام ’بڑی بات‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کہ آئندہ بجٹ میں حکومت کو رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں رعایت دینی چاہیے تاکہ سرمایہ کار ڈالر میں سرمایہ کاری کرنے کے بجائے روپے میں تبدیل کرائیں اور اس شعبے میں سرمایہ کاری آئے۔

’فضل الرحمان حکومت کی مخالفت کا ذہن بناچکے ہیں‘

پروگرام کے دوران نامور صحافی اور تجزیہ کار عارف نظامی کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف نے اپنی پالیسی تبدیل کرلی ہے اور انہوں نے اپنے ساتھیوں کو اجازت دیدی ہے کہ وہ حکومت کی مخالفت میں جارحانہ حکمت عملی اپنالیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی ماضی کی کوششیں ناکام ہوگئی ہیں جس میں وہ چاہ رہے تھے کہ کسی کو ناراض نہ کریں اور اسی طرح شہباز شریف کی کوششیں بھی ناکام ہوگئی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اس وقت اپنا ذہن بنا چکے ہیں کہ وہ حکومت کی مخالفت میں نکلیں گے اور اس وقت مولانا فضل الرحمان وہ ہی کردار ادا کررہے ہیں جو ماضی میں نواب زادہ نصراللہ خان ادا کرتے تھے۔

عارف نظامی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان اور فوجی قیادت کے درمیان ایک مثالی رشتہ ہے اور اس وقت وزیراعظم عمران خان کا قلعہ کافی مضبوط ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کی ناکامی کا مطلب نواز شریف یا زرداری کی جیت نہیں ہوگی، یہ پورا سسٹم ہی تہہ و بالا ہوجائے گا۔


متعلقہ خبریں