اسلام آباد : گلالئی اسماعیل کے خلاف مقدمہ درج

اسلام آباد:گلالئی کے خلاف انسداد دہشت گردی کے تحت مقدمہ درج

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پشتون تحفظ موومنٹ کی خاتون رکن گلالئی اسماعیل کے خلاف انسداد دہشت گردی کی دفعہ 6/7 ک تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ ذیشان ریاض کی مدعیت میں درج کیے جانے والے مقدمہ کی بنیاد گلالئی اسماعیل کی وہ وڈیو ہے جو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر وائرل ہوئی ہے۔ تھانہ شہزاد ٹاؤن نے ایف آئی آر درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔

امریکی نشریاتی ادارے ’وائس آف امریکہ‘ (وی او اے) کے مطابق مدعی ذیشان ریاض کا مؤقف ہے کہ گلالئی اسماعیل نے بچی فرشتہ کے قتل کے واقعہ کو بنیاد بنا کر حکومت پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کی اور جان بوجھ کر پشتون قوم کے دلوں میں دیگر اقوام کے خلاف نفرت پھیلانے کی کوشش کی۔

وی او اے کے مطابق درج ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ فرشتہ کے قتل کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے لیکن اس کو جواز بنا کر گلالئی اسماعیل نے نہ صرف حکومت پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کی بلکہ پاکستانی فوج کے خلاف بھی لوگوں کو اکسانے کی کوشش کی۔

مدعی کا مؤقف ہے کہ گلالئی اسماعیل کی سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر وائرل ہونے والی وڈیو دراصل اداروں کو لڑانے کی کوشش ہے جو دہشت گردی کے مترادف ہے لہذا انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا جائے۔

پشتون تحفظ موومنٹ کی رکن گلالئی اسماعیل نے فرشتہ مہمند کے قتل کے خلاف اسلام آباد میں ہونے والے احتجاج کے دوران تقریر کرتے ہوئے حکومتی اداروں پر الزام تراشی کی تھی۔


متعلقہ خبریں