طالبان نے غزنی دھماکہ کی ذمہ داری قبول کر لی

طالبان نے غزنی دھماکہ کی ذمہ داری قبول کر لی

فوٹو: غیر ملکی میڈیا


غزنی: افغانستان کے علاقہ غزنی میں ہونے والے دھماکہ میں 3 افراد ہلاک جبکہ 15 زخمی ہو گئے۔ طالبان نے حملہ کی ذمہ داری قبول کر لی۔

غیر ملکی نیوز ایجنسی کے مطابق صوبائی دارالحکومت غزنی میں سیکیورٹی اہلکاروں نے مشکوک گاڑی کو روکنے کی کوشش کی تاہم ملزمان فوجی گاڑی ہموی کو لے کر آگے بڑھتے رہے جسے روکنے کے لیے سیکیورٹی اہلکاروں نے گاڑی پر راکٹ فائر کیا تاہم گاڑی میں موجود ملزمان نے خود کو دھماکہ سے اڑا لیا۔

افغان میڈیا کے مطابق دھماکہ میں 2 پولیس اہلکار اور بچہ جاں بحق ہوئے جبکہ زخمی ہونے والوں میں 5 سیکیورٹی اہلکار بھی شامل ہیں۔

افغان وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ تباہ ہونے والی گاڑی میں چار طالبان موجود تھے جو موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ حملہ آوروں کا مقصد غزنی کے مرکز میں دھماکہ کرنا تھا تاہم سیکیورٹی اہلکاروں نے جان پر کھیل کر ان کے منصوبہ کو ناکام بنا دیا۔ مذکورہ ہموی گاڑی کو طالبان کی جانب سے چوری کرکے حملہ کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔

یہ بھی پڑھیں افغانستان: طالبان اور ملکی فوج میں لڑائی جاری، 36 فوجی ہلاک 

طالبان ترجمان کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ حملہ میں کئی سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوئے ہیں تاہم سرکاری ترجمان نے حملہ میں 2 سیکیورٹی اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

واضح رہے کہ امریکہ نے افغانستان سے انخلا کا اعلان کر رکھا ہے جبکہ اس سلسلے میں امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کا طالبان حکام سے مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے اور خلیل زاد قطر میں باغی نمائندوں کے ساتھ مذاکرات کے متعدد دور کر چکے ہیں، جہاں طالبان کا باضابطہ سیاسی دفتر قائم ہے۔


متعلقہ خبریں