الیکشن کمیشن ممبران کی عدم تعیناتی ، اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری

عام انتخابات 2024: 136 بین الاقوامی صحافیوں کو کوریج کیلئے اجازت نامے جاری

لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن پاکستان کے دو ممبران کی عدم تعیناتی کیخلاف درخواست کی سماعت میں اٹارنی جنرل پاکستان کو نوٹس جاری کردیاہے ۔

لاہور ہائیکورٹ کے سینیئر ترین جج جسٹس مامون الرشید شیخ نے ایک شہری ارشد حسین ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی۔

درخواست گزار کے وکیل نے اپنے دلائل میں کہا کہ قاونون اور آئین پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے درخواست دائر کی ہے۔الیکشن کمیشن کے 2ممبران کی آسامیاں گزشتہ 2ماہ سے خالی پڑی ہیں ابھی تک کسی کو تعینات نہیں کیا گیا۔

عدالت نے سرکاری وکیل سے استفسار کیا کہ 2ماہ سے اس پر عملدرآمد کیوں نہیں ہوا؟

سرکاری وکیل نے جواب دیا کہ عدالت کے حکم پر ہدایات لےکر  آتا ہوں۔

عدالت نے اٹارنی جنرل پاکستان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔ عدالت نےممبران کی تعیناتی سے متعلق پیش رفت رپورٹ بھی طلب  کی ہے۔

درخواست گزار نے عدالت میں موقف اختیار کیا تھا کہ الیکشن کمیشن کے سندھ اور بلوچستان کے ممبران 28 جنوری کو ریٹائرڈ ہوئے،آئین کے تحت حکومت نے 45 دن کے اندر نئے ممبران کی تعیناتی کرنا ہوتی ہے۔ 12 مارچ کو یہ مدت ختم ہوگئی لیکن وزیراعظم نے اپوزیشن لیڈر سے مشاورت  تک نہیں کی۔

درخواست گزار کے مطابق الیکشن کمیشن کے حوالے سے پارلیمانی کمیٹی بھی غیر فعال ہے۔

درخواست گزار کی طرف سے استدعا کی گئی ہے کہ عدالت  وزیراعظم کو اپوزیشن لیڈر سے مشاورت مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ  سندھ   اور بلوچستان کے ممبران الیکشن کمیشن کی تعیناتی کا بھی حکم دے ۔

واضح رہے وزیراعظم اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے درمیان رابطہ نہ ہونے کے باعث الیکشن کمیشن کے ممبران کی تقرری نہیں ہوسکی۔

ہم نیوز ذرائع کے مطابق اسی سلسلے میں چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان نے صدرمملکت عارف علوی سے رواں سال مارچ میں ملاقات  کرکے ممبران کا تقرر نہ ہونےکے باعث پیدا ہونے والی قانونی پیچیدگیوں سے آگاہ بھی کیا۔

الیکشن کمیشن کے ممبران کی تقرر کے لیے وزیر اعظم اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان مشاورت ضروری ہے، حکومتی جماعت پاکستان تحریک انصاف اور اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت مسلم لیگ ن کے درمیان سیاسی کشیدگی کے باعث وزیراعظم اور قائد حزب اختلاف میں تاحال براہ راست کوئی رابطہ نہیں ہوسکا۔

یہ بھی پڑھیے:حکومت اپوزیشن تناؤ، الیکشن کمیشن کے ممبران کی تقرری نہیں ہوسکی


متعلقہ خبریں