کراچی میں دوبارہ ہیٹ ویو الرٹ جاری


کراچی: شہر قائد ایک بار پھر گرمی کی لپیٹ میں آ گیا۔ جمعہ سے تین روز تک کراچی ہیٹ ویو کی زد میں رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں ہفتہ سے ایک اور گرمی کی لہر آئے کی جو پیر تک جاری رہے گی اور اس دوران کراچی کا درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز کے مطابق کراچی میں رواں ماہ ہیٹ ویو کی یہ دوسری لہر ہے اور روزے دار گرم کی اس لہر میں احتیاط سے کام لیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں جمعرات اور جمعہ کو درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے جبکہ آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران شہر کا موسم گرم اور مربوط رہے گا۔

یہ بھی پڑھیں سندھ خشک جبکہ باقی ملک میں بادل برسیں گے

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں جمعرات کی صبح درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ پر موجود تھا جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 55 فیصد تھا جبکہ جنوب مغربی ہواؤں کی رفتار 10 ناٹیکل مائیل ریکارڈ کی گئی۔ کراچی میں آج موسم گرم اور مربوط رہے گا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی کراچی میں رواں ماہ کے آغاز پر 30 اپریل سے 3 مئی تک ہیٹ ویو کی لہر برقرار رہی تھی اور اس دوران شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ یکم مئی رواں سال کا گرم ترین دن ثابت ہوا تھا کیونکہ اس روز شہر کا درجہ حرارت 42  ڈگری سینٹی گریڈ کو چھو گیا تھا۔

واضح رہے کچھ برس قبل کراچی میں ہیٹ ویو کے باعث بڑی تعداد میں ہلاکتیں ہوئی تھی جس کے بعد ہر برس گرمی کے موسم میں شہر قائد کے لیے الرٹ جاری کردیا جاتا ہے اور پیشگی انتظامات بھی کرلیے جاتے ہیں تاکہ انسانی جانوں کو بچایا جا سکے۔

ماہرین موحولیات کراچی میں گزشتہ کچھ برس سے آنے والے ہیٹ ویو کے سلسلہ کی وجہ درختوں کی کمی اور بلند و بالا عمارتوں کی تعمیر بتاتے ہیں لیکن اس متعلق کوئی اقدامات نہیں کیے جا رہے۔


متعلقہ خبریں