سیکرٹری خزانہ یونس ڈھاگا کو عہدے سے ہٹادیاگیا


اسلام آباد: وفاقی حکومت نےگور نر اسٹیٹ بنک اور چیرمین ایف بی آر کی تبدیلی کے بعد اپنی فنانس ٹیم میں ایک اور بڑی تبدیلی کردی ہے ۔  سیکرٹری خزانہ یونس ڈھاگا کو عہدے سے ہٹا کر سیکرٹری کابینہ ڈویژن نوید کامران بلوچ کو سیکرٹری خزانہ مقرر کردیا ہے۔ 

سابق سیکرٹری خزانہ یونس ڈھاگا کواسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کر نے کی ہدایت کردی گئی۔

کابینہ ڈویژن کی طر ف سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی معروف افضل کو سیکرٹری کابینہ تعینات کیا گیاہے ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آٹھ ماہ کے دوران بہتر پرفارم نہ کرنے پر وزیراعظم عمران خان نے اپنی ٹیم تبدیل کرلی ہے۔

اس سے قبل عالمی مالیاتی فنڈ سے تعلق رکھنے والے رضا باقر کو گورنر اسٹیٹ بنک اور شبرزیدی کو چیرمین ایف بی آر تعینات کیا گیا تھا۔

شبر زیدی ٹیکسیشن کے ماہر اور چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ہیں اور 2013 کے انتخابات سے قبل بننے والی سندھ کی عبوری حکومت میں وزیر بھی رہے ہیں۔

یاد رہے رواں سال اپریل میں اسد عمر کی جگہ حفیظ شیخ کو خزانے کی ذمہ داری دینے کے بعد بھی  کپتان کی ٹیم میں بڑی تبدیلیاں  کی گئیں ۔

فواد چودھری، غلام سرور خان، بریگیڈئیر ریٹائرڈ اعجاز شاہ اور شہریار آفریدی کی وزارتیں تبدیل کر دی گئیں ۔ اعظم سواتی دوبارہ کابینہ میں شامل ہو گئے ۔ انہیں پارلیمانی امور کی وزارت دے دی گئی ۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کو معاون خصوصی برائے اطلاعات مقرر کر دیا گیا۔

کپتان نے اسد عمر کے استعفے کے بعد معیشت کی ڈوبتی ناؤ کو پار لگانے لئے وزارت خزانہ کی ذمہ داری ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ کے کاندھوں پر ڈال دی گئی ہے۔

اپوزیشن کی تنقید پر بھرپور حکومتی دفاع کرنے والے وزیراطلاعات کی وزارت بھی تبدیل ہوگئی، فواد چودھری کو سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا وزیربنادیا گیااور انکی جگہ فردوس عاشق اعوان آج کل حکومت کا دفاع کرتی دکھائی دیتی ہیں۔


یہ فوری خبر ہے۔ مزید تفصیلات اور معاملے کے درست حقائق جاننے کے لئے اس صفحہ کو ریفریش کریں۔
متعلقہ خبریں