جنوبی پنجاب صوبہ: دارالحکومت کا فیصلہ وزیر اعظم عمران خان کرینگے


پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے جنوبی پنجاب صوبہ کے حوالے سے اہم اعلان سامنے آیاہے ۔ چیئرمین ایگزیکٹو کونسل جنوبی پنجاب طاہر بشیر چیمہ نے کہاہے کہ جولائی تک الگ صوبےکے معاملات  کو حتمی شکل دے دیں گے۔ صوبے کے دارالحکومت کا فیصلہ وزیراعظم عمران خان کریں گے۔

چیئرمین ایگزیکٹیو کونسل جنوبی پنجاب طاہر بشیر چیمہ نے یہ اعلان آج لاہور میں دیگر حکومتی ارکان کے ساتھ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

طاہر  بشیر چیمہ نے کہا کہ الگ صوبے کے قیام  پاکستان کی ستر سالہ تاریخ کا بڑا کارنامہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوشش ہے جولائی تک معاملات فائنل کر لیں گے۔

طاہر بشیر چیمہ نے کہا کہ جنوبی پنجاب کا سیکرٹریٹ تلاش کر لیا گیاہے۔ جنوبی پنجاب  صوبہ تین ڈویژنزملتان ، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان  پر مشتمل ہو گا۔

پی ٹی آئی ارکان کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب صوبہ وہاں کے عوام کے لئے بہت بڑی خوش خبری ہے،  عمران خان نے جو وعدہ کیا تھاوہ  نبھانے جا رہے ہیں۔

یاد رہے رواں ماہ 13مئی کو جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کے لئے آئینی ترمیمی بل کی تحریک قومی اسمبلی میں منظور کرلی گئی تھی۔ جنوبی پنجاب صوبہ بل  کی تحریک بہاول پورسے تعلق رکھنے والے پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی  مخدوم سید سمیع الحسن گیلانی نے پیش کی۔

قومی اسمبلی میں جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کے لیے آئینی ترمیمی بل کی تحریک  کثرت رائے سےمنظور کی گئی ۔ اس موقع پر مسلم لیگ ن اور پاکستان مسلم لیگ ق کی جانب سے بل کی مخالفت سامنے آئی۔

یہ بھی پڑھیے:جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کیلئے دیگر جماعتوں سے رابطے کرینگے، شاہ محمود

ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ جنوبی پنجاب صوبہ پر پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف ایک پیج پر ہیں۔ تحریک انصاف جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کے لیے اپنے منشور پر عمل کرکے رہے گی ۔

اس موقع پر صوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چودھری نے دعوی کیا کہ  پنجاب میں دوسرے صوبوں سے زیادہ قانون سازی ہوئی ہے۔


متعلقہ خبریں