آپ زندگی جی رہے ہیں یا گزار رہے ہیں؟


زندگی سے محبت کرنے والے انسانوں نے شاید یہ کبھی نہیں سوچا ہوگا کہ ”زندگی” کیا ہے اور آپ اسے جی رہے ہیں یا گزار رہے ہیں؟ یہ وہ سوال ہے جس کا براہ راست تعلق انسانی حیات سے ہوتا ہے لیکن ہمارے پاس اتنا وقت ہی کہاں کہ اس بارے میں سوچا جائے۔

ہم تو بس زندگی کو اس ریل گاڑی کی طرح سمجھتے ہیں جس کی کوئی منزل نہیں ہوتی اور وہ کسی روبوٹ کی طرح 24 گھنٹے ادھر سے ادھر دوڑتی رہتی ہے جسے اپنا اسٹاپ تو معلوم ہوتا ہے لیکن منزل اور مقصد نہیں۔

ہم نیوز نے اس متعلق مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد سے بات کی تو اکثریت کا جواب یہ تھا کہ انہوں نے اس بارے میں کبھی سوچا ہی نہیں، بس جو بتا دیا گیا یا جیسا دنیا کو کرتے دیکھا وہی کرتے رہے اسی لیے وہ بس زندگی گزار رہے ہیں۔

اس دور میں زندگی صرف گزاری جارہی ہے، عوامی رائے

ہم نیوز سے بات کرتے ہوئے کچھ افراد کا کہنا تھا کہ اس نفسہ نفسی کے دور میں زندگی صرف گزاری جارہی ہے کیونکہ کسی کے پاس وقت ہی نہیں۔

میڈیا سے وابستہ ایک خاتون کا کہنا تھا کہ ”میں تو اپنی زندگی گزار رہی ہوں کیونکہ حالات اجازت نہیں دیتے کے اسے جیا جا سکے۔”

شعبہ خصوصی افراد سے تعلق رکھنے والوں کا کہنا تھا کہ ہمیں ہماری زندگی کا مقصد نہیں معلوم اور جب کسی چیز کا مقصد معلوم نہ ہو تو اسے بس گزارا جاتا ہے جیا نہیں جاتا۔

دوسری جانب ایسے افراد جنہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ زندگی کو جی رہے ہیں ان کے پاس بھی ہمارے دوسرے سوال کا منطقی جواب موجود نہیں تھا کہ آپ کو کیسے لگتا ہے کہ آپ جی رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ذہنی تناؤ سے چھٹکارا چاہتے ہیں تو یہ اصول اپنالیں

بنیادی طور پر اس سوال کا جواب جاننے سے پہلے اسے سمجھنے کی ضرورت ہے کہ زندگی جینے اور گزارنے میں فرق کیا ہے۔

زندگی گزارنا

زندگی گزارنا بس کسی چیز کو بے مقصد اس کے خاتمے تک بسر کرنا، دنیا میں لوگوں کی اکثریت ایسا ہی کررہی ہے۔

اپنی ضروریات کے حصول کے لیے ایک روبوٹ کی طرح چند ہزار روپے کمانے کی خاطر ہم صبح سے شام تک کی غلامی، نجی فکرات، معاشرے کے ڈر اور خوف میں ہی مبتلا رہتے ہیں۔

زندگی جینا

وہ لوگ جو اپنی زندگی جیتے ہیں وہ زندگی کا ایک مقصد رکھتے ہیں، ان کی صرف یہی سوچ ہوتی ہے حالات جو بھی ہوں ہمیں جینا ہے اور جینا سچی خوشی اور دوسرے کا درد محسوس کرنے کا نام ہے۔

حیات کو اللہ کا خوبصورت تحفہ سمجھ کر اسے جینے والے ہمیشہ کچھ  منفرد اور دوسروں کے مفاد کے کام کرنے کے لیے تیار رہتے ہیں اور یہی نہیں اس بے حس دنیا میں بھی وہ اپنا کوئی نا کوئی کردار ادا کرنے کے خواہاں ہوتے ہیں۔ انہیں نہ معاشرے کا خوف ہوتا ہے نا فکرات۔

ایسے لوگ بھی غلامی کی نوکری تو کرتے ہیں لیکن اس کے ساتھ ساتھ ہر لمحہ کچھ نیا بھی کررہے ہوتے ہیں کیونکہ وہ ایک سمت اور مقصد رکھتے ہیں۔

لیکن یہ اس وقت ہی ممکن ہوتا ہے جب آپ اپنا احتساب کرتے ہوئے زندگی جینے اور گزارنے کے حقیقی معنی جان لیں۔ کیا آپ خود سے اس سوال کا درست اور سچا جواب جاننا چاہیں گے؟

اگر آپ چاہتے ہیں کہ زندگی کو جیا جائے تو ایسا ضرور کریں کیونکہ زندگی بہت خوبصورت ہے۔


متعلقہ خبریں