وزیراعظم کی نریندر مودی کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور اتحادیوں کی فتح پر بھارتی ہم منصب نریندر مودی کو مبارک باد دی ہے۔

اپنے ٹوئٹر پیغام میں عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ جنوبی ایشیا کے امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے مودی کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔

بھارتی وزیراعظم نے بھی جوابی ٹوئٹ میں عمران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں نے خطے میں امن و ترقی کو ہمیشہ اہمیت دی ہے۔

بھارتی لوک سبھا کے انتخابات میں ووٹوں کی گنتی مکمل ہو گئی ہے جس کے بعد بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 542 نشتوں میں سے بی جے پی نے 286، کانگریس نے 44، اے ڈی ایم کے نے 36، شیو سینا نے 18 اور دیگر چھوٹی بڑی جماعتوں نے 112 نشستیں حاصل کی ہیں۔

بی جے پی اور اس کے اتحادیوں پر مشتمل نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) اس وقت 350 نشستوں پر اپنے حریفوں سے آگے ہے۔

بی جے پی نے 2014 کے انتخابات میں انفرادی طور پر 282 اور این ڈی اے نے 336 نشستیں حاصل کی تھیں جبکہ بھارت میں حکومت قائم کرنے کے لیے 272 نشستوں کی ضرورت ہوتی ہے۔

دوسری جانب کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے بھی شکست قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ مودی اور بی جے پی کی جیت کو ماننا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات میں مودی کو مبارک باد دیتا ہوں کیوں کہ عوام کا مینڈیٹ ان کے حق میں گیا ہے۔

راہول گاندھی کا کہنا تھا کہ مودی کو منتخب کرنے پر بھارتی عوام  کی  رائے کا احترام کرتا ہوں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مودی اور ہمارے درمیان لڑائی نظریاتی ہے۔


متعلقہ خبریں