’پاکستان ٹیم ورلڈ کپ کے فائنل میں ضرور ہوگی‘


کراچی: سابق کپتان اور مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو ورلڈ کپ 2019 کے لیے فیورٹ قرار دے دیا۔

ہم نیوز کے مطابق شاہد آفریدی نے کہا کہ پاکستان ٹیم ورلڈکپ کے فائنل میں ضرور ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ محمد عامر، وہاب ریاض اور شاداب خان کی واپسی سے  باؤلنگ مضبوط ہوگئی ہے۔

انہوں نے سرفراز احمد کو مشورہ دیا کہ کپتان ہونے کی حیثیت سے انہیں آگے آکر دیگر کھلاڑیوں کی رہنمائی کرنی چاہیے۔

مزید پڑھیں: ورلڈ کپ اسکواڈ، شاہد آفریدی کا بیان بھی سامنے آگیا

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کا شاہد آفریدی فاؤنڈیشن (ایس اے ایف) کے ساتھ دو سالہ معاہدہ طے پاگیا جس کے تحت پی سی بی فنڈز اکٹھا کرنے میں فاؤنڈیشن کی مدد کرے گی۔

ایس اے ایف کی نئی مہم ” تعلیم ہوگی عام، ہر بیٹی کے نام”  کو پی سی بی کی جانب سے پوری حمایت حاصل ہو گی۔

پی سی بی اس سلسلے میں ایس اے ایف کے شانہ بشانا کام کرے گا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم آئی سی سی کے ایونٹس کے علاوہ تمام دو طرفہ سیریز میں شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کا لوگو استعمال کرے گی۔

اس سلسلے میں سری لنکا کے خلاف ہونے والی ہوم سیریز میں پہلی بار شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کا لوگو استعمال کیا جائے گا۔

شاہد آفریدی نے پی سی بی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے  معاہدے پرخوشی کا اظہار کیا۔


متعلقہ خبریں