طویل عمر کے لیے یہ 5 غذائیں اپنائیں


قدرت نے انسانوں کو تخلیق کیا تو نہ صرف اس کی ضروریات کا انتظام کیا بلکہ اس کی صحت برقرار رکھنے کے لئے بے شمار نعمتیں بھی مہیا کی ہیں۔

طویل عمر پانا قریباً تمام انسانوں کی خواہش ہے، ہر کسی کا ارمان ہے کہ وہ 80،90 یا 100 سال تک زندہ رہے اور یہ تبھی ممکن ہے جب انسان صحت مندانہ طرز زندگی اپنائے۔

ہم نے ایسی سبزیوں اور پھلوں کی فہرست مرتب کی ہے جس کے استعمال سے انسانی صحت پر مثبت اثرات مرتب ہیں اور جو طویل عمری میں مدد گار ثابت ہو سکتے ہیں۔

سمندری جڑی بوٹیاں:

مغربی ممالک کے باشندے سمندری جڑی بوٹیوں کا استعمال روزانہ کی بنیاد پر کرتے ہیں جبکہ جاپانیوں کے کھانے کی میز پر اس کی موجودگی لازمی جزو سمجھی جاتی ہے۔

جاپان کے بارے میں مشہور ہے کہ اس کے باسی طویل عمر پاتے ہیں اور ان کے ہاں سو سال کی عمر تک پہنچنا معمول سمجھا جاتا ہے۔

سمندری جڑی بوٹیوں میں وٹامن اے اور وٹامن سی وافر مقدار میں پایا جاتا ہے لیکن اس میں موجود آیوڈین انسانی صحت کے لئے بے حد مفید ہے۔

ایک تحقیق کے مطابق ان جڑی بوٹیوں میں طرح طرح کے بیکٹیریا پائے جاتے ہیں جن میں ایکٹینوبیکٹیریا سرِفہرست ہے، ان میں کینسر اور ملیریا سمیت کئی اقسام کے انفیکشن روکنے کی صلاحیت دیکھی گئی ہے۔

سمندری گھاس گلے کے غدود جنہیں تھائی رائڈز بھی کہا جاتا ہے کے لیے بھی بہت کارآمد ہے ۔

اخروٹ، بادام، پستہ اور مونگ پھلیاں:

بادام، اخروٹ، پستہ اور مونگ پھلی دماغی صحت کے لئے سب سے بہترین غذا تصور کی جاتی ہے۔

ایک سائنسی تحقیق کے مطابق 80 سالہ ضعیف خاتون کے طبی ٹیسٹ مثبت آنے پر معلوم ہوا کہ مذکورہ خاتون ہفتے میں پانچ مرتبہ ان خشک میوہ جات کا استعمال کرتی تھی۔

مچھلی:

انسانی صحت کے لئے مچھلی کا گوشت بہت ہی مفید ہے اس میں اومیگا تھری پایا جاتا ہے جو دل کی صحت کے لئے بہت کارآمد سمجھا جاتا ہے۔

ایک تحقیق کے مطابق مچھلی کا تیل امراض قلب کی شرح بہت حد تک کم کر سکتا ہے، وزن کم کرنے میں مچھلی کا تیل بہت مفید ہوتا ہے۔

مچھلی کے تیل میں ایسے اجزاء پائے جاتے ہیں جن سے ورزش کے دوران وزن کم کرنے میں کافی مدد ملتی ہے، ورزش کے ساتھ اگر مچھلی کا تیل اپنی روزمرہ خوراک میں شامل کرلیا جائے تو وزن کم کرنا بہت آسان ہو جاتا ہے۔

2015 کی ایک تحقیق کے مطابق مچھلی کا روزانہ کی بنیاد پر استعمال بڑی حد تک موذی بیماریوں کو دور کرتا ہے۔

لہسن:

قوت مدافعت بڑھانے اور کینسر جیسے موذی مرض سے بچاؤ کے لئے لہسن بہت کارآمد سمجھا جاتا ہے۔

اس میں موجود ایلیسن نامی کیمیائی مادے  جسم میں موجود کینسر کے خلیوں کی افزائش میں کمی کر دیتے ہیں۔

لہسن سن کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، دانت اور مسوڑوں میں درد کے وقت اس کا استعمال کافی مفید ہے۔

ایک تحقیق کے مطابق لہسن کھانا بلڈ پریشر کی سطح میں کمی لاتا ہے جبکہ لہسن کھانے سے صحت کے لیے نقصان دہ کولیسٹرول کی سطح میں بھی کمی آتی ہے، جس کے نتیجے میں امراض قلب یا فالج کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

سبز چائے:

سبز چائے کا باقاعدہ آغاز چین سے ہوا مگر اب یہ بہت سی ثقافتوں کا حصہ بن چکی ہے، اس چائے کی افادیت کے بارے میں عوام میں قدرے کم آگاہی پائی جاتی ہے۔

ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ تقریباً 25 ہزار جاپانی مردوں اور خواتین پر ہونے والے تجربات سے ثابت ہوا ہے کہ سبز چائے کا روزانہ ایک کپ پینے سے دانتوں کے امراض سے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔

سبز چائے انسانی جسم کے لیے حیرت انگیز حد تک مفید اور کارآمد ہے۔ یہ پیٹ میں جا کر ہاضمہ کا عمل شروع کرتی ہے۔

سبز چائے صرف کھانا ہضم کرنے کی صلاحیت ہی نہیں رکھتی بلکہ دانتوں کے لیے بھی مفید ہے ۔


متعلقہ خبریں