بلاول کو پھر نیب کا بلاوا


اسلام آباد: جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں قومی احتساب بیورو(نیب) راولپنڈی نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو 29 مئی کو دوبارہ طلب کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق  بلاول بھٹو کو جوائنٹ وینچر اوپل 225 کیس میں دوبارہ طلب کیا گیا ہے، انہیں 29 مئی صبح 11 بجے اولڈ نیب ہیڈ کوارٹرز پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے جہاں ان کا بیان ریکارڈ کیا جائے گا۔

بتایا گیا ہے کہ بلاول بھٹو کو جے وی اوپل کیس میں پہلے بھی طلب کیا گیا تھا۔

واضح رہے گزشتہ روز بلاول بھٹو زرداری کی رہائش گاہ ’بلاول ہاؤس کراچی‘ پر نیب راولپنڈی کی جانب سے بھیجا جانے والا طلبی کا نوٹس وصول کرنے سے انکارکردیا گیا۔

ہم نیوز کو ذمہ دار ذرائع نے بتایا تھا  کہ نیب راولپنڈی کی جانب سے بلاول بھٹو زرداری کو طلبی کا نوٹس بھیجا گیا تھا جس کے مطابق انہیں 24 مئی کو طلب کیا گیا تھا۔

نیب نے بلاول بھٹو کو پارک لین کیس میں طلبی کا نوٹس بلاول ہاؤس کراچی بھیجا تھا۔ نوٹس  قواعد و ضوابط کے مطابق 17 مئی کو کوریئر کمپنی کے ذریعے بھیجا گیا تھا۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ بلاول ہاؤس کراچی پہ 20 مئی کے دن کوریئر کمپنی کا ملازم جب نوٹس لے کر پہنچا تو وہاں موجود افراد نے نوٹس کی وصولی سے انکار کردیا تھا۔


متعلقہ خبریں