فرشتہ قتل کیس: فنکار اور کھلاڑی ہم آواز 


کراچی: اسلام آباد میں دس سالہ  ننھی فرشتہ کے ساتھ ہونے والے واقعے پر ہر دل افسردہ ہے جبکہ فنکار اور کھلاڑیوں بھی ان واقعات کی روک تھام کے لیے ہم آواز ہوگئے ہیں۔

کراچی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران شہزاد رائے، ماہرہ خان، زیبا بختیار اور یونس خان نے ہر صوبے میں چائلڈ پروٹیکشن یونٹ بنانے کا مطالبہ کردیا۔

اداکارہ ماہرہ خا ن نے زور دیا کہ  سب ایک ہوکر اس معاملے پر آواز اٹھائیں، دس بچے ہر روز زیادتی کا شکار ہوتے ہی، ہمیں شرم آتی ہے اس موضوع پر بات  کرتے ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ اکثر زیادتی کے واقعات گھروں میں رونما ہوتے ہیں، بچوں کو بولنے کا موقع دیا جائے، انہیں چپ کرانا زیادتی ہے، ان معاملات میں پولیس اور تمام تر اداروں کو اپنا کام ایمانداری اور تیزی سے کرنا چاہیئے۔

معروف گلوکار شہزاد رائے  کا کہنا تھا کہ زینب اور اب  ننھی فرشتہ کے سانحے نے قوم کو جھنجوڑ دیا ہے، ہر صوبے میں چائلڈ پروٹیکشن یونٹ بنایا جائے۔

کرکٹر یونس خان نے کہا کہ بچوں کے ساتھ زیادتی کے خلاف آواز اٹھائی جائے۔

یہ بھی پڑھیں: فرشتہ قتل کیس، گرفتار پولیس افسر کو پروٹوکول کا انکشاف

اداکارہ زیبا بختیار نے کہا کہ  ایسے واقعات پر خاموش نہ رہا جائے جبکہ معروف شخصیات نے سندھ  ٹیکسٹ  بک کی نصابی کتب  میں  بچوں کے ساتھ  معیوب حرکات کے حوالے سے مضمون شامل کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔

فرشتہ قتل کیس

واضح رہے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے چک شہزاد سے 15 مئی کو لاپتہ ہونے والی دس سالہ بچی فرشتہ کی مسخ شدہ نعش جنگل سے برآمد ہوئی تھی جس کے بعد ورثا اور علاقہ مکین سخت مشتعل ہوگئے تھے۔

انہوں نے معصوم بچی کی نعش تڑامٹری چوک پہ رکھ کر احتجاج شروع کر دیا تھا تاہم کارروائی کی یقین دہانی کے بعد احتجاج ختم کردیا گیا۔

قبائلی علاقے مہمند سے تعلق رکھنے والی فرشتہ مہمند کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کرکے نعش قریبی جنگل میں پھینک دی گئی تھی۔


متعلقہ خبریں