قومی ادارہ صحت نے 3خطرناک بیماریوں سے متعلق خبردار کردیا

کالی کھانسی

قومی ادارہ صحت نے کالی کھانسی کے پھیلاؤ کے خدشات ظاہر کر دیئے


قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ )نے 3 خطرناک متعدی بیماریوں سے متعلق خبردار کردیاہے،  این آئی ایچ نے ڈینگی بخار، چکن گونیا اور نیگلیریا سے متعلق ہدایات (ایڈوائزریز)جاری کردی ہیں ۔

قومی ادارہ صحت کی طرف سے جاری اعلامیہ میں کہا گیاہے کہ یہ ہدایات  صوبوں اور مختلف اضلاع کے ہیلتھ پروفیشنلز کے لیے جاری کی گئی ہیں۔

اعلامیے میں کہا گیاہے کہ ڈینگی بخار اور چکن گونیا ایک خاص قسم کے مچھر سے پھیلنے والی بیماریاں ہیں۔پاکستان میں ڈینگی بخار اور چکن گونیا کے کیسز تمام صوبوں سے رپورٹ ہوتے رہتے ہیں ۔

حالیہ سیزن میں جب مچھروں کی افزائش بڑھ جاتی ہے توان دونوں(ڈینگی بخار،چکن گونیا) بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ بھی بڑھ جاتا ہے۔ایک محتاط اندازے کے مطابق ڈینگی بخار کی وجہ سے ہرسال دنیا بھر میں لگ بھگ 22ہزار لوگ ہلاک ہوجاتے ہیں۔

پاکستان میں 2018 میں ڈینگی بخار کے 3024کیسز رپورٹ کیے گئے تھے۔ اسی طرح چکن گونیا کے 2017میں صوبہ سندھ سے مختلف کیسز سامنے آئے تھے ۔

نیگلیریا سے متعلقہ ایڈوائزری میں بتا یا گیا ہے کہ پاکستان میں اس بیماری سے گزشتہ دس سالوں کے دوران 88 افراد ہلاک ہو چکے ہیں ۔ رواں سال کراچی میں نیگلیریا سے تین افراد کی موت بھی واقع ہوچکی ہے۔

قومی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ ایڈوائزی جاری کرنے کا مقصد عام عوام  اور ملک بھر میں محکمہ صحت سے وابستہ پروفیشنلز کے لیے بیماریوں کی روک تھام اور حفاظتی تدابیر سے متعلق آگاہی ہے۔

یہ بھی پڑھیے:پولن کی مقدار میں خطرناک اضافے پر قومی ادارہ صحت کا پیغام جاری

مزید معلومات کے لئے یہ ایڈوائزری قومی ادارہ صحت کی ویب سائیٹ (www.nih.org.pk)پر بھی موجود ہے۔


متعلقہ خبریں