بھارتی قابض افواج مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز جرائم میں ملوث ہیں، ملیحہ

بھارتی قابض افواج مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز جرائم میں ملوث ہیں، ملیحہ

پاکستان نے اقوام متحدہ میں مقبوضہ  کشمیر میں بھارتی مظالم  سے پردہ اٹھایا ہے،ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ بھارتی قابض افواج مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز جرائم میں ملوث ہیں ۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے یہ بات  سلامتی کونسل میں’ تنازعات میں عام شہریوں کا تحفظ ‘کے عنوان سے ہونے والے مباحثے سے خطاب میں کی۔

ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں تمام مروجہ عالمی قوانین اور انسانی حقوق کی پامالی کی ہے ۔ بھارتی مظالم کو اقوام متحدہ کے خصوصی رپورٹر اور دیگر اداروں نے بھی قلمبند کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر میں رائج کالے قوانین کی آڑ میں بھارتی افواج نہتے شہریوں کو تشدد کا نشانہ بناتی رہی ہیں ۔مقبوضہ علاقوں میں سلامتی کونسل کی ناکامی کی قیمت معصوم لوگوں کو اپنی جان سے چکانی پڑ رہی ہے۔

واضح رہےڈاکٹر ملیحہ لودھی کا یہ بیان ایسے موقع پر آیا ہے جب بھارت میں دائیں بازو کی رجعت پسند جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے اتحاد نے نریندر مودی کی قیادت  میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی ہے ۔

پاکستان نے کشمیر کے معاملے پر اقوام متحدہ کی کارکردگی پر بھی سوال  اٹھایا ہے ۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی  نے رواں سال اپریل میں ہونے والے ایک مذاکرے میں کہا تھا کہ  کشمیر پر قراردادوں پر عملدرآمد نہ کرا کے سلامتی کونسل نے اپنی ذمہ داری نہیں نبھائی۔

سلامتی کونسل میں اصلاحات کے لیے مذاکراتی عمل کے حوالے سے اپنے بیان میں ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ مقبوضہ علاقوں میں لوگوں سے وعدے پورے نہ کرنا سلامتی کونسل کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل کے مستقل ارکان نے اپنے مفادات کو فوقیت دی ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مستقل اور غیر مستقل رکنیت کا باہمی تناسب غیر مستقل ارکان کے حق میں بڑھایا جائے۔

یاد رہے اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی  اس طرح کے بیانات اس سے قبل بھی دے چکی ہیں۔

یہ بھی پڑھیے:مسئلہ کشمیر: سلامتی کونسل نے اپنی ذمہ داری نہیں نبھائی،ملیحہ لودھی


متعلقہ خبریں