وفاقی حکومت تین اسپتالوں سے متعلق نوٹیفیکیشن واپس لے، مراد علی شاہ



وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی کے تین سرکاری اسپتالوں کی وفاق کو حوالگی کا اقدام عجلت پر مبنی قرار دیتے ہوئے نوٹیفکیش واپس لینے کا مطالبہ کر دیا۔

وزیر اعلیٰ ہاؤس میں  جناح اسپتال میڈیکل کمپلیکس (جے پی ایم سی) ،قومی ادارہ برائے امراض قلب ( این آئی سی وی ڈی) اور این آئی سی ایچ کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وفاقی حکومت نے جے پی ایم سی، این آئی سی وی ڈی اور این آئی سی ایچ کا انتظام سنبھالنے کیلئے عجلت سے کام لیاہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت نے ریویو پٹیشن فائل کی ہے، ابھی اسکی سماعت نہیں ہوئی اور وفاقی حکومت کا نوٹیفکیشن جاری ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ اس نوٹیفکیشن سے ان اسپتالوں میں غیر یقینی کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔

یہ بھی پڑھیے:سندھ کے تین بڑے اسپتالوں کے امور وفاق نے سنبھال لیے

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وفاقی حکومت سے نوٹیفکیشن واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ اسپتالوں کے انتظامی امور میں خلل نہ پڑے اور مریضوں کے بروقت اجلاس کو ممکن بنایا جا سکے۔

اجلاس میں وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو، مشیر قانون مرتضیٰ وہاب، چیف سیکریٹری سندھ ممتاز شاہ، ایگزیکیوٹو ڈائریکٹر این آئی سی وی ڈی ڈاکٹر ندیم قمر، ایگزیکیٹو ڈائریکٹر جے پی ایم سی ڈاکٹر سیمی جمالی، ڈائریکٹر این آئی سی ایچ ڈاکٹر جمال رضا، سیکریٹری خزانہ نجم شاہ، ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے  شرکت کی۔

یاد رہے گزشتہ روز سندھ کے تین بڑے اسپتالوں جناح، این آئی سی ایچ اور این آئی سی وی ڈی کے انتظامی امور وفاق نے سنبھال لیے تھے۔

ہم نیوز کے مطابق وفاقی کابینہ سے منظوری کے بعد اس حوالے سے نوٹیفیکشن بھی جاری کردیا گیا۔

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے اسپتالوں کا کے امور وفاق کو دینے کی مذمت کرتے ہوئے اقدام کو صوبائی خودمختاری پر حملہ قرار دے دیا۔

بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کا حتمی فیصلہ آنے کا انتظار نہیں کیا گیا،وفاقی حکومت فوری طور پر نوٹیفکیشن واپس لے۔


متعلقہ خبریں