خطے میں امن و ترقی کیلئے پاکستان کو اپنا شراکت دار سمجھتے ہیں،ایرانی وزیرخارجہ


ایرانی وزیر خارجہ ڈاکٹر جواد ظریف نے کہا کہ دونوں ممالک کے سیکیورٹی اداروں کے درمیان تعاون کی وجہ سے دہشتگردی پر قابوپانے میں نمایاں پیشرفت ہوئی ہے۔دونوں ممالک کے اراکین پارلیمنٹ دونوں اقوام کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران خطے میں امن و ترقی کے لیے پاکستان کو اپنا شراکت دار سمجھتا ہے۔دونوں ممالک کے مابین اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے ان خیالات کا اظہار دورہ پاکستان کے موقع پر آج اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کے دوران کیا۔

ملاقات میں دوطرفہ تعلقات،خطے کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر اسپیکر قومی اسملبی اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان برادراسلامی ملک ایران کے ساتھ دوستی اور ہمسائیگی کے لازوال رشتوں میں بندھا ہوا ہے۔پاکستان ایران کے ساتھ علاقائی ترقی اور دیگر مسائل کے حل کے لیے دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی اور انتہاپسندی خطے کی سلامتی کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے اس کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔ دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے میں پارلیمانی سفارتکاری اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ پاکستان تمام تصفیہ طلب معاملات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہتا ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی  نے کہا پاکستان ایران سمیت تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ برابری کی سطح پر خوشگوار تعلقات چاہتا ہے، دونوں ممالک کے عوام کی خوشحالی اورخطے کی ترقی کے لیے پاکستان اور ایران کے مابین قریبی تعاون ناگزیر ہے۔

یہ بھی پڑھیے:وزیراعظم عمران خان سے ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کی ملاقات

ایرانی وزیر خارجہ ڈاکٹر جواد ظریف نے اس موقع پر کہا کہ دونوں اقوام کے درمیان قدیم تاریخی تعلقات پائے جاتے اور ایران  پاکستان کے ساتھ اپنے قریبی تعلقات کو بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ دونوں ہمسایہ ممالک اہم علاقائی و عالمی امور پر یکساں مؤقف رکھتے ہیں اور دونوں ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں