‘میں چوروں کو نہیں چھوڑ سکتا’

فوٹو: فائل


کراچی: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میں چوروں کو نہیں چھوڑ سکتا، گزشتہ حکمرانوں نے معیشت کو کرپشن سے تباہ کر دیا اور ہمیں ایک خستہ حال معیشت ملی۔

وزیر اعظم عمران خان نے  فیڈریشن آف پاکستان چیمبر ز آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور تاجر برادری کے وفد سے کراچی میں ملاقات کے دوران کہا کہ چاہتا ہوں ہماری حکومت سب سے زیادہ تاجر اور سرمایہ کار دوست  جانی جائے۔

انہوں نے کہا کہ میرا مشن پاکستان سے غربت مٹانا ہے جس میں تاجر برادری میرا ساتھ دے، اس وقت حکومت کی توجہ معاشی استحکام پر مرکوز ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ  فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) اور اسٹیٹ بینک میں ماہرین تعینات کیے، تاجر برادری سے التماس ہے کہ ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ اٹھائیں۔

عمران خان نے کہا کہ چاہتے ہیں نجی شعبہ معیشت کے استحکام اور اقتصادی ترقی میں ہراول دستے کا کردار ادا کرے۔

وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت سرمایہ کاری اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ میں ہر ممکن تعاون اور تمام تر سہولتیں فراہم کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ کاروبار میں سہولت (ایز آف ڈوئنگ بزنس)، ایف بی آر کی اصلاحات، تجارت کے لیے ساز گار اور کاروبار دوست ماحول کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

کاروباری برادری کی جانب سے حکومت کی معاشی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کیا گیا جبکہ معاشی استحکام اور اقتصادی اہداف کے حصول کے لیے تجاویز بھی دی گئیں۔

وفد میں کراچی چیمبر ز آف کامرس، ایمپلائرز فیڈریشن، پاکستان ریڈی میڈ گارمنٹس، پاکستان لیدر گارمنٹس، رائس ایکسپورٹ، پاکستان آٹو موٹیو پارٹس، پاکستان بیڈ وئیر ایکسپورٹرز، پاکستان ڈینم مینو فیکچررز، ٹاول مینو فیکچررز، پاکستان ہوزری و دیگر کاروباری شعبوں کے نمائندگان شریک ہوئے۔

اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل، وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی اور مشیر براے تجارت عبدالرزاق داؤد بھی موجود تھے۔

 وزیر اعظم عمران خان کے دورہ کراچی کے دوران وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو ایک بار پھر نظر انداز کردیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان کو نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم پر بریفنگ بھی دی جائے گی۔

کراچی ٹرانسفارمیشن کمیٹی نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم سے متعلق وزیراعظم کو کیا سفارشات پیش کرے گی اس کا پتہ بھی ہم نیوز نےلگالیاہے۔

کمیٹی ذرائع کے مطابق وزیراعظم کو بتایا جائے گا کہ کراچی میں اسکیم شروع کرنے کے لئے زمین کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔صوبائی حکومت کی عدم دلچسپی کے باعث سرکاری زمین کا حصول ناممکن ہے۔ کمیٹی وفاقی اداروں کی ملکتی زمین استعمال کرنے کی سفارش کرے گی۔

فیڈریشن ہاؤس سے پانچ رکنی وفد کی وزیراعظم سے ملاقات متوقع ہے۔ ان میں ایس ایم منیر، داروخان، مظہرناصر، اختیاربیگ اور زبیرطفیل شامل ہیں ۔

کراچی چیمبر سے دو اراکین صدر جنیداسماعیل اورسراج قاسم تیلی کوبلایا گیا ہے، اسٹاک ایکسچینج سے چئیرمین سلیمان مہدی، عقیل کریم ڈھیڈی اورعارف حبیب مدعو ہیں۔اورنگی ایسوسی ایشن کےبھی دونمائندوں ، صدرکاٹی اورنائب صدرکوبلایا گیا ہے تاہم چیئرمین سائٹ سمیت دیگرصنعتکاروں کوتاحال دعوت نہیں دی گئی۔

وزیراعظم پی سی ہوٹل میں شوکت خانم میموریل اسپتال کے فنڈ ریزنگ افطار ڈنر میں بھی شریک ہوں گے۔وزیراعظم عمران خان تمام مصروفیات کے بعد رات نو بجے اسلام آباد روانہ ہو جائیں گے۔

وزیر اعظم عمران خان کے دورہ کراچی کے دوران وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو ایک بار پھر نظر انداز کردیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کی کراچی آمد کے حوالے سے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو کوئی پیشگی اطلاع نہیں دی گئی۔

پروٹوکول کے مطابق وزیراعظم کی آمد پر وزیراعلی سند ھ ان استقبال کرتے ہیں لیکن آج دورہ کراچی کے دوران گورنر سندھ عمران اسماعیل نے  ان کا خیرمقدم  کیا۔

یہ بھی پڑھیے:وزیراعظم کا کراچی میں تین یونیورسٹیوں کے قیام کا اعلان

مشیر اطلاعات سندھ مرتضی وہاب نے تصدیق کی ہے کہ وزیر اعظم کے شیڈول میں وزیر اعلیٰ سندھ سے ملاقات طے نہیں ہے ۔وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ آج بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ خان گڑھ روانہ ہو جائیں گے۔


متعلقہ خبریں