کراچی کے لیے خطرے کی گھنٹی 


کراچی کے لیے خطرے کی گھنٹی بج گئی ہے کیونکہ شہرقائد میں دوسری ہیٹ ویو کل سے شروع ہوگی اور درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گرید سے تجاوز کر جائے گا۔

چیف محکمہ موسمیات عبدالرشید نے کہا ہے کہ ہفتے کو شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 سے 42 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے جبکہ اتوار اور پیر کو  39 سے 41 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کل سے شہر میں سمندری ہوائیں بند ہوجائیں گی اور حبس کی صورتحال رہے گی، شہری خاص طور پر روزے دار لاپرواہی بالکل نہ کریں اور افطار اور سحری میں پانی اور او آر ایس کا استعمال کریں۔

چیف محکمہ موسمیات نے کہا کہ شہری ہیٹ ویو کے دوران بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں جبکہ ہلکے اور ڈھیلے کپڑے زیب تن کریں۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں دوبارہ ہیٹ ویو الرٹ جاری

ان کا کہنا تھا کہ اس تین روزہ ہیٹ ویو کے بعد کوئی اسپیل دکھائی نہیں دے رہا اسی لیے منگل کو موسم معمول کے مطابق ہی رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج کراچی کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ رہا جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 61 فیصد رہا۔

بتایا گیا ہے کہ نمی کا تناسب بڑھنے کے سبب گرمی کی شدت زیادہ محسوس کی گئی ہے۔


متعلقہ خبریں