جنگ کسی کے مفاد میں نہیں، آرمی چیف کا جواد ظریف کو مشورہ



راولپنڈی: پاک فوج کے سربراہ جنرل قمرجاوید باجوہ نے پاکستان کے دورے پر آئے ایران کے وزیرخارجہ جواد ظریف کو مشورہ دیا ہے کہ جنگ کسی کے مفاد میں نہیں ہے تمام فریقین خطے میں کشیدگی سے اجتناب کریں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق مہمان وزیرخارجہ نے آرمی چیف سے جنرل ہیڈ کوارٹر میں ملاقات کی ہے جس میں خطے کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور پر بھی بات چیت ہوئی۔

قبل ازیں ایران کے وزیرخارجہ نے وزیراعظم عمران خان اور پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم عمران خان سے ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کی ملاقات

وفود کی سطح پر ہونے والے مذاکرات میں پاک ایران تعلقات، علاقائی سلامتی سمیت دیگر باہمی دلچسپی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

شاہ محمود قریشی نے ایران کے ہم منصب کو یقین دلایا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے قیام اور کشیدگی میں کمی کے لیے اپنا مصالحانہ کردار ادا کرنے کی کوشش کرتا رہے گا۔

خیال رہے کہ جواد ظریف ایسے وقت میں پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں جب مشرق وسطیٰ میں ایران کے امریکہ اور سعودی عرب کے ساتھ تعلقات انتہائی کشیدہ ہیں۔

تحریک انصاف کے حکومت سنبھالنے کے بعد جواد ظریف کا یہ تیسرا دورہ  ہے اور  پی ٹی آئی حکومت بننے کے بعد ایرانی وزیر خارجہ  پاکستان کا دورہ کرنے والے پہلے غیر ملکی مہمان تھے۔


متعلقہ خبریں