‘بے نامی قانون پر ابھی تک عمل نہیں کیا گیا’


لاہور: چئیرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) شبر زیدی نے کہا ہے کہ بے نامی قانون پر ابھی تک عمل نہیں کیا گیا۔

انہوں نے لاہور میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب کے لیے ضروری ہے کہ بے نامی قانون کو سمجھا جائے کیونکہ اسے بنایا تو گیا لیکن اس پرعمل درآمد نہیں کیا گیا۔

شبر زیدی نے کہا کہ ایمنسٹی اسکیم سے آپ کے مسئلے کم ہوں گے، حکومت نے ایک بہت عام اور آسان چیز متعارف کرائی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹیکس دینے والے اور انکم ٹیکس افسروں کے درمیان قربت نہیں ہونی چاہیے، اداروں کی بدعنوانی کا مسئلہ حل کرنے کے لیے سب کی رائے لینا چاہتا ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: کاروباری طبقے میں عدم اعتماد بجٹ خسارے کا سبب ہے، شبر زیدی

چئیرمین ایف بی آر نے کہا کہ مستقبل میں پاکستان سے باہر پیسہ لے جانا آسان نہیں ہوگا اور اس ملک میں آپ کا پیسہ زیادہ محفوظ ہوگا۔

شبر زیدی نے کہا کہ پاکستان میں ایک لاکھ رجسٹرڈ کمپنیاں ہیں جبکہ ٹیکس دینے والی کمپنیوں کی تعداد 50  ہزار ہے، میرا ارادہ  فرد کے بجائے ادارے کو پکڑتا ہے کیونکہ کسی ایک کو پکڑنا مسئلے کا حل نہیں۔

انہوں نےکہا کہ ارکان پارلیمنٹ کے بارے میں ٹیکس نہ دینے کا تاثر غلط ہے، میں چاہتا ہوں  جو صنعت ٹیکس نہیں دیتی اسے پکڑیں۔


متعلقہ خبریں