پاکستان اور چین کے درمیان پانچ معاہدوں پر دستخط


اسلام آباد: پاکستان اور چین نے زرعی شعبے میں تعاون اور ایف ایم ڈی فری زون سمیت پانچ معاہدوں پر دستخط کیے ہیں جن میں آفات کی صورت میں امدادی اشیا اور پاک چین اکنامک ایگریمنٹ کا معاہدہ بھی شامل ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی چینی نائب صدر سے ملاقات کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق پاک چین تعلقات کو مزید مضبوط کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں جنوبی ایشیا کی حالیہ صورت حال پر بھی بات چیت ہوئی اور چینی نائب صدر نے پڑوسی ملک میں امن کے لیے پاکستان کے اقدامات کو سراہا۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ چینی نائب صدر نے  مٹیاری سے لاہور تک 660 کے وی منصوبے، رشاکئی خصوصی اکنامک زون پراجیکٹ اور ہواوے ٹیکنیکل سپورٹ سنٹر کا افتتاح بھی کیا ہے۔

حکومت پاکستان نے چینی نائب صدر وانگ شی چن کو نشان پاکستان سے بھی نوازا۔

ذرائع کے مطابق  پاکستان اور چین کے درمیان ڈیزاسٹر مینجمنٹ، زرعی شعبے میں تعاون، معاشی اور تکنیکی امور کی مفاہمتی یادداشتوں دستخط کیے گئے۔

چینی نائب صدر وانگ شی چن نے کہا کہ تمام ممالک کے ساتھ معاشی تعاون پر یقین رکھتے ہیں، چین اور پاکستان ہر موسم کے ساتھی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہدری (سی پیک) مشترکہ ترقی کا منصوبہ ہے جسے چین میں بھی مکمل حمایت حاصل ہے۔

چین کے نائب صدر26 سے 28 مئی تک پاکستان کے 3 روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد میں موجود ہیں اور صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سے ملاقاتیں کریں گے۔

دفتر خارجہ کے مطابق معزز مہمان اپنی پاکستان آمد کے بعد مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے کئی منصوبوں کا افتتاح بھی کریں گے۔

واضح رہے رواں سال اپریل میں وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے دورہ چین کے دوران  پاکستان اور چین کے درمیان 6 معاہدوں اور ایم او یوز پر دستخط کیے گئے۔

وزیر اعظم کے دورہ چین کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پاک چین وزرائے اعظم کی موجودگی میں معاہدوں اور ایم او یوز پر دستخط کیے گئے جب کہ آزادانہ تجارت میں معاہدوں کے دوسرے مرحلے کی منظوری بھی دی گئی۔

پاکستان ریلوے کے ایم ایل ون منصوبے کے پہلے فیز کے ڈیزائن اور حویلیاں میں سی پیک کے تحت ڈرائی پورٹ کے قیام کی بھی منظوری دی گئی۔ ملاقاتوں میں سمندری سائنس میں تعاون بڑھانے کے ایم او یو پر بھی دستخط کیے گئے۔

گزشتہ برس نومبر میں وزیراعظم عمران خان کے پہلے دورہ چین کے دوران  پاکستان اور چین نے 15 اہم معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط  کیے تھے۔ دونوں ممالک نے پاک چین وزرائے خارجہ سطح کے تزویراتی مذاکرات کےلیے دستاویز پردستخط کیے۔

یہ بھی پڑھیے:پاکستان اور چین کے درمیان 6 معاہدوں اور ایم او یوز پر دستخط

وزیر اعظم کا دورہ: چین اور پاکستان کے درمیان 15معاہدوں پر دستخط


متعلقہ خبریں