بھارتی وزیر اعظم نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا



نئی دہلی: بھارتی وزیر اعظم نریندی مودی نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی وزیر اعظم نے اپنا استعفیٰ صدر رام ناتھ کوویند کو پیش کیا تاہم بھارتی صدر نے نریندر مودی کو نئی حکومت کے قیام تک کام کرنے کی ہدایت کر دی۔

بھارتی لوک سبھا کے انتخابات میں نریندر مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے بھاری اکثریت سے کامیابی حاْصل کی ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق بی جے پی نے 542 میں سے 303 نشستوں پر کامیابی حاصل کی جبکہ نیشنل ڈیموکریٹک الائنس مجموعی طور پر 353 نشستوں پر کامیاب ہوئی ہے۔

انتخابی نتائج کا اعلان ہونے کے بعد بھارتی وزیر اعظم نے اپنی کابینہ کے ہمراہ بھارتی صدر سے ملاقات کی اور اپنے عہدے کا استعفیٰ پیش کیا جبکہ کابینہ اراکین نے بھی اپنے استعفیٰ صدر کو پیش کیے۔

یہ بھی پڑھیں بھارتی انتخابات میں مودی نے میدان مار لیا

بھارتی صدر کی جانب سے کابینہ اراکین کے استعفیٰ قبول کر لیے گئے تاہم نریندر مودی سے اپنے عہدے پر کام کرنے کی درکواست کی جو انہوں نے قبول کر لی۔

ذرائع کے مطابق نریندر مودی 30 مئی کو دوبارہ بھارتی وزیر اعظم کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

دوسری جانب کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے بھی شکست قبول کرتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی اور بی جے پی کی جیت کو ماننا پڑے گا۔

یاد رہے کہ بی جے پی نے 2014 میں انفرادی طور پر 282 جبکہ این ڈی اے نے 336 نشستیں حاصل کی تھیں۔ بھارت میں حکومت قائم کرنے کے لیے 272 نشستوں کی ضرورت ہوتی ہے۔

بھارت میں لوک سبھا کے انتخابات 11 اپریل کو شروع ہوئے تھے اور 7 مرحلوں میں 19 مئی کو مکمل ہوئے۔


متعلقہ خبریں