نیب کیسز: حتمی تاریخ دیں شہباز شریف کب آئینگے؟ عدالت



لاہور کی احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز اور آشیانہ ہاؤسنگ کیس میں پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اورقومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف ملزم  شہباز شریف کے وکلا سے انکی  عدالت میں پیشی کی حتمی تاریخ مانگ لی ہے ۔

سابق وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف اور قائد حزب اختلاف پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز سمیت دیگر ملزمان کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت احتساب عدالت لاہور میں ہوئی۔

دوران سماعت عدالت نے شہباز شریف کے وکیل سے استفسار کیا کہ کونسی ایسی بیماری ہے جس کا پاکستان میں علاج ممکن نہیں ہے؟ گزشتہ تاریخ پر آپ نے کہا تھا کہ شہباز شریف آئندہ پیشی  (آج ) پر احتساب عدالت میں پیش ہوں گے۔

جج نے کہا کہ عدالت بہت فراخ دلی سے کیس سن رہے ہیں ،بیان حلفی دیں کہ شہباز شریف کب پیش ہوں گے؟ میرے پاس ایسی کوئی رپورٹ نہیں ہے کہ طے کیا جائے کہ انکا پاکستان میں علاج ممکن نہیں ہے؟
شہباز شریف کے وکیل نے کہا کہ وہ کوئی حتمی ٹائم فی الوقت نہیں دے سکتے ۔شہباز شریف کے  ٹیسٹ چل رہے ہیں،  اگر کورٹ انہیں یہ سہولت دے  کہ انکا میڈیکل بورڈ بنا دیا جائے تو مناسب ہوگا۔

جج نے کہا کہ  میں نے 15 دن اسی لیے دئیے تھے کہ وہ علاج کروا کر واپس آ جائیں۔

امجد پرویز نے کہا کہ شہباز شریف کا ٹیسٹ 07 جون کو ہے وہ ہو جائے پھر ممکن ہے کہ وہ آ جائیں؟  آج بھی آپ سے استدعا کی گئی ہے کہ شہباز شریف کو دو ہفتے کے لیے  حاضری سے استثنی دے دیں ۔ مستقل استثنی کی استدعا نہیں کر رہے ۔

امجد پرویز نے کہا یہ شہباز شریف کا استحقاق ہے کہ وہ علاج باہر سے کروا ئیں، جو علاج وہ باہر سے کروا رہے ہیں وہ  پاکستان میں ممکن نہیں ہے۔

نیب پراسیکیوٹر وارث علی جنجوعہ نے عدالت کو بتایا کہ ملزم شہباز شریف بغیر ٹرائل کورٹ کی اجازت کے بیرون ملک گئے ہیں۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ ججز کی عدم دستیابی کے باعث دو سو سے زائد کیسز کی سماعت رُک چکی ہے ۔احتساب عدالت کے ججز تو پورے ہونے چا ہئیں۔

نیب پراسیکیوٹر نے کہا  اس کیس کے  دس ملزمان ہیں جو موجود ہیں لیکن صرف ایک ملزم موجود نہیں ہے ۔

عدالت نے شہباز شریف کے وکیل سے مخاطب ہوکر کہا کہ آج کی حاضری معافی کی درخواست کو منظور کر رہے ہیں۔اگلی تاریخ پر آپ لازمی آگاہ کریں کہ شہباز شریف آ سکتے ہیں یا نہیں؟ہمیں یہ بتانا ہے کہ وہ کب آ رہے ہیں اس کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ۔

احتساب عدالت نے آشیانہ ہاؤسنگ سکینڈل کیس اور رمضان شوگر ملز کیس کی سماعت 28 مئی تک ملتوی کر دی۔

احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر قائد حزب اختلاف پنجاب اسملی حمزہ شہباز نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں کہا کہ چیئرمین نیب کے معاملے پرفوری اسمبلی کا اجلاس بلوایا جائےاور یہ معاملہ سپریم جوڈیشل کونسل میں لیکر جانا چاہیے۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ چیئرمین نیب اور عمران نیازی اسمبلی میں آکر عوام کو بتائیں ، عوام جاننا چاہتے ہیں نیب احتساب کے نام پر سیاست دانوں کی پکڑیاں اچھال رہا ہے۔

اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی نے  کہا کہ  چیئرمین نیب کے معاملے پر تمام اپوزیشن جماعتیں اکٹھی ہوں گی۔ لوگوں کی پکڑ دھکڑ نیب کا کام نہیں ہے۔ثبوت بعد میں آتا ہے گرفتاری پہلے ہوتی ہے۔

یہ بھی پڑھیے:رمضان شوگر ملز ریفرنس: شہباز شریف اورحمزہ کے خلاف فرد جرم عائد

انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت ڈوب رہی ہے ،نیب کاروباری افراد کو ڈرا رہا ہے۔ یہ ثابت ہوچکا ہے کہ عمران خان نیازی نااہل ترین وزیراعظم ہیں ۔


متعلقہ خبریں