پنجاب:میڈیکل کالجز میں داخلے کیلئے انٹری ٹیسٹ نمبرز کا تناسب کم ہونیکا امکان

پنجاب:میڈیکل کالجز میں داخلے کیلئے انٹری ٹیسٹ نمبرز کا تناسب کم کیے جانیکا امکان

لاہور: پنجاب کے میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلے کے لیے انٹری ٹیسٹ کے نمبروں کا تناسب کرنے کا امکان پیدا ہوگیاہے، انٹری ٹیسٹ کے نمبروں کا تناسب 50 فیصد سے کم کر کے 20 سے 30 فیصد کرنے کی پالیسی پر غور کیا جارہاہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت  اس بات پر بھی غور کررہی ہے کہ  میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں میرٹ مرتب کرتے ہوئے میٹرک کے نمبروں کا تناسب بھی ختم کردیاجائے۔

میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں فی الوقت داخلے کے لیے میرٹ مرتب کرتے وقت میٹرک کے نمبروں کا تناسب 10 فیصد ہے۔

ذرائع کا دعوی ہے کہ انٹرمیڈیٹ میں ایف ایس سی پری میڈیکل کے نمبروں کا تناسب بڑھائے جانے کا امکان ہے۔

پنجاب حکومت ایف ایس سی کے نمبروں کا تناسب 40 فیصد سے بڑھا کر 70 سے 80 فیصد کرنے پر غور کررہی ہے۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا ہے کہ میڈیکل کالجوں میں داخلے کے خواہشمند طلبہ کے لیے میڈیکل اور ڈینٹل کالج 2019 آرڈیننس لایا جائے گا یا پھر اس کے لیے نئی  قانون سازی کی جائے گی۔

واضح رہے کہ رواں سال ستمبر میں میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں طلبہ کے داخلے ہونگے۔

یہ بھی پڑھیے:پنجاب میں میڈیکل ٹیسٹ، 66 ہزار امیدواروں نے شرکت کی

میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلوں کے لیے انٹری ٹیسٹ کے نمبروں کا تناسب کم کرنے کا مطالبہ طلبہ کی طرف سے سامنے آیا تھا۔

یاد رہے گزشتہ برس صوبائی دارالحکومت لاہورسمیت پنجاب کے 13 شہروں میں میڈیکل انٹری ٹیسٹ منقعد کیے گئے جدس کے لیے 28 مراکز قائم کیے گئے تھے۔

یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر پروفیسر جاوید اکرم کے مطابق میڈیکل ٹیسٹ میں 66 ہزار سے زائد امیدواروں نے حصہ لیا۔ طبی تعلیم کے لیے ہوئے ٹیسٹ میں 42 ہزار طالبات اور 24 ہزار طلبہ شامل نے رجسٹریشن کرائی تھی۔

وائس چانسلر یو ایچ ایس کے مطابق میڈیکل انٹری ٹیسٹ سینئیر بیوروکریٹس کی زیر نگرانی منعقد کیے گئے، جس کے لیے 5000 سے زائد نگران عملے نے فرائض سر انجام دیے۔


متعلقہ خبریں