بولٹ کی تباہ کن بولنگ، یک طرفہ مقابلے کے بعد بھارت کو شکست


لندن: عالمی کپ کے وارم اپ میچ میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو یک طرفہ مقابلے کے بعد چھ وکٹوں سے شکست دے دی۔

کیننگٹن اوول میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو بالکل غلط ثابت ہوا۔

بھارتی کپتان ویرات کوہلی کے اس فیصلے کے باعث بلے بازوں کو بولرز کے لیے سازگار کنڈیشنز میں ٹرینٹ بولٹ اور ٹم ساؤتھی جیسے گیند بازوں کا سامنا کرنا پڑا۔

مزید پڑھیں: وارم اپ میچ: افغانستان نے پاکستان کو تین وکٹوں سے ہرادیا

بھارتی ٹیم ابتدا ہی سے مشکلات کا اس وقت شکار ہوگئی جب صرف 39 کے مجموعی اسکور پر کوہلی سمیت اس کے چار مستند بلے باز آؤٹ ہوگئے۔

ان چار میں سے تین وکٹیں ٹرینٹ بولٹ نے جبکہ ایک کولن ڈی گرانڈ ہوم نے حاصل کی۔

بھارت کی جانب سے صرف ہاردک پانڈیا اور روی جدیجہ کچھ مزاحمت کرپائے جنہوں نے بالترتیب 30 اور 54 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ نے چار، جیمز نیشم نے تین، جبکہ گرانڈ ہوم، لوکی فرگیوسن اور ٹم ساؤتھی ایک، ویک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

جواب میں بھارتی بولرز نے بھی اچھی گیند بازی کا مظاہرہ کیا اور 37 کے اسکور پر اس کی دو وکٹیں گرچکی تھیں تاہم اس موقع پر راس ٹیلر اور کین ولیم سن کے درمیان شراکت نے کیویز کی میچ میں جیت یقینی بنادی۔

ولیم سن 67 جبکہ ٹیلر 71 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ بھارت کی جانب سے جسپریت بمرہ، ہاردک پانڈیا، یزوندرا چہال اور جدیجہ نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

گزشتہ روز کے وارم اپ میچ میں افغانستان نے پاکستان کو تین وکٹوں سے شکست دی تھی۔


متعلقہ خبریں