‘چیئرمین نیب کی ویڈیو دیکھ کر دکھ ہوا’



اسلام آباد: جمیعت علمائے اسلام (جے یو آئی ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) جسٹس (ر) جاوید اقبال کی ویڈیو دیکھ کر دکھ ہوا اور اب بطور ادارہ احتساب نیب اپنی ساکھ  کھو چکے ہیں۔

چئیرمین نیب کی ویڈیو پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلے ہی دن سے یہ ادارہ آمر کے ذہن کی تخلیق ہے اسی لیے انتقام کے رویوں کے ساتھ ہمیشہ فعال رہتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں پہلے ہی تفتیشی ادارے اور احتسابی نظام موجود ہے، اسی لیے مستقل احتسابی ادارہ لانا آمرانہ ذہن کے مقاصد کی تکمیل کرسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ناکام عمران خان کو بھی استعفی دینا چاہئیے ، مولانا فضل الرحمان

سربراہ جے یو آئی ف نے کہا کہ سیاست کے ساتھ معیشت بھی کمزور ہوتی جارہی ہے، احتساب کے ادارے نے سیاسی انتقام کے نتیجے میں عملی سیاست کو متاثر کیا۔

انہوں نے خبردار کیا کہ نیب کے طرز احتساب سے ملک کی سیاست اور معیشت ڈوب جائے گی۔

مولانا فضل الرحمان کے مطابق خیبر پختونخوا (کے پی) میں بھی مستقل احتساب کمیشن قائم کیا گیا تھا، جب اپنے لوگ شکنجے میں آئے تو اختیارات کم کر دیے گئے اور پی ٹی آئی کی حکومت نے صوبے میں ادارہ ہی ختم کردیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وقت نے ثابت کر دیا ہے نیب چلنے والا ادارہ نہیں۔


متعلقہ خبریں