چارسدہ میں فائرنگ، 3 بھائی قتل



چارسدہ: خیبر پختونخوا کے علاقہ چارسدہ میں نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کر کے تین سگے بھائیوں کو قتل کر دیا۔

پولیس کے مطابق تھانہ عمر زئی کے علاقہ علی جان کلی میں نامعلوم ملزمان نے تینوں بھائیوں شبیر، سجاد اور کاشف کو فائرنگ کر کے اس وقت قتل کیا جب وہ حجرے میں موجود تھے۔ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال تنگی منتقل کیا گیا۔

ملزمان کی فائرنگ سے تینوں بھائی موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ ملزمان موقع سے باآسانی فرار ہو گئے۔

تینوں بھائیوں کے قتل کے خلاف ورثا نے لاشیں عمر زئی چوک پر رکھ کا احتجاج کیا اور بااثر ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔

لواحقین نے الزام عائد کیا کہ ملزمان انتہائی بااثر ہیں جبکہ ان کے قریبی رشتے دار پولیس اور دیگر سرکاری اداروں میں اعلیٰ عہدوں پر فائز ہیں جبکہ پولیس ملزمان کی گرفتاری کے بجائے ان کی پشت پنائی کر رہی ہے جبکہ ملزمان کے رہائشگاہوں پر بھی سیکیورٹی لگا دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں چارسدہ: فائرنگ سے چھ افراد جاں بحق دو زخمی

مقتولین کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ تینوں بھائیوں کو ملزمان نے گزشتہ رات جائیداد کی لین دین کے لیے حجرے میں بلایا تھا جبکہ ملزمان نے مقتولین کی جائیداد پر قبضہ کرنے کی غرض سے تینوں بھائیوں کو بے دردی سے قتل کیا۔

ڈی ایس پی تنگی محمد ایاز خان نے کہا کہ عمرزئی تھانہ میں تمام ملزمان کے خلاف تہرے قتل کی ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف پولیس ٹیمیں بھی  تشکیل دی گئی ہیں۔


متعلقہ خبریں