پاکستان اور بنگلہ دیش کا آخری وارم اپ میچ بارش کی نذر

فوٹو: فائل


پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلے جانے والا وارم اپ میچ بارش کی نذر ہوگیا ہے، قومی کرکٹ ٹیم کا ورلڈ کپ 2019 سے قبل یہ آخری وارم اپ میچ تھا جو بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا۔

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ایک روزہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق ڈھائی بجے شروع ہونا تھا لیکن بارش کی وجہ سے ایسا نہ ہوسکا۔ قومی ٹیم  کو  دوسرے اور آخری وارم اپ میچ میں کارڈیف کے میدان میں اپنا کھیل پیش کرنا تھا۔

بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان اب تک 36 ایک روزہ میچز کھیلے جا چکے ہیں جس میں پاکستان نے 31 میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ 5 میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

اس سے قبل 24 مئی کو ورام اپ میچ میں افغانستان نے پاکستان کو 3 وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ انگلینڈ کے خلاف کھیلی گئی سیریز میں بھی پاکستان کو چار صفر سے شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ایک میچ بارش کی نظر ہو گیا تھا۔

قومی ٹیم کے کھلاڑی آصف علی نے بھی ٹیم کو جوائن کر لیا ہے، وہ اپنی کمسن بیٹی کی وفات کے سلسلے میں پاکستان آئے ہوئے تھے۔

ورلڈکپ اسکواڈ میں سرفراز احمد قومی ٹیم کے کپتان ہوں گے جبکہ وہاب ریاض، محمد عامر، آصف علی، بابر اعظم، فخر زمان، حسن علی، عماد وسیم، حارث سہیل، امام الحق، محمد حفیظ، محمد حسنین، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، شعیب ملک شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل نہ کرنے پر جنید خان کا انوکھا احتجاج

میگا ایونٹ میں پاکستانی ٹیم 31 مئی سے اپنے سفر کا آغاز کرے گی اور اپنا پہلا میچ ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گی جب کہ تین جون کو گرین شرٹس کا مقابلہ میزبان انگلینڈ سے، 7 جون کو سری لنکا سے اور 12 جون کو آسٹریلیا سے ہوگا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کا روایتی حریف بھارت سے ٹاکرا 16 جون کو اولڈ ٹریفورڈ میں ہوگا۔

شاہین 23 جون کو جنوبی افریقا، 26 جون کو نیوزی لینڈ، 29 جون کو افغانستان اور 5 جولائی کو بنگلہ دیش سے مقابلہ کریں گے۔

کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کے فائنل مقابلے کا میدان 14 جولائی کو لارڈز میں سجے گا۔

30 مئی سے 14 جولائی 2019 تک ہونےوالا ٹورنامنٹ 1992 ورلڈ کپ کی طرح راؤنڈ رابن اور ناک آؤٹ فارمیٹ کے تحت کھیلا جائے گا۔


متعلقہ خبریں