عید الفطر 5 جون کو ہو گی، فواد چوہدری


لاہور: وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے ملک میں 5 جون کو عید الفطر کا اعلان کر دیا۔ سائنسدانوں کی مدد سے چاند دیکھنے کی ایپلیکیشن بنا لی گئی۔

فواد چوہدری نے لاہور میں پاکستان کی پہلی چاند دیکھنے کی ویب سائٹ کا افتتاح کرنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب ہر شخص ویب سائٹ پر پاکستان میں چاند کی صورت حال کے بارے جان سکے گا جبکہ ویب سائٹ میں ہجری کیلنڈر بھی ڈال دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیر سے ویب سائٹ کی ایپ بھی شروع کر دی جائے گی جو پلے اسٹور پر موجود ہو گی اور وہاں سے ڈاؤن لوڈ کی جاسکے گی۔

فواد چوہدری نے اگست کے مہینے کو سائنس اور ٹیکنالوجی کا مہینہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگست کے مہینے میں 40 سال سے کم افراد اپنا آئیڈیا ہمیں بھیجیں ہم کسی بھی اچھے آئیڈیا کو اسپانسر کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ میری ذاتی رائے میں اب رویت ہلال کمیٹی کی ضرورت نہیں رہی ہے اس کو ختم کر دینا چاہیے، متحدہ عرب امارات میں رویت ہلال کمیٹی اور سائنس و ٹیکنالوجی مل کر کام کر رہے تھے لیکن اب وہاں بھی رویت کمیٹی کو ختم کیا جا رہا ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ہم نے پانچ سال کے لیے کیلنڈر ترتیب دے دیا ہے اور بہت سے اسلامی ممالک میں کیلنڈر سے ہی کام لیا جا رہا ہے۔

وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے نیب پر بات کرتے ہوئے کہا کہ چئیرمین نیب کے اسکینڈل سے احتساب کے عمل کو نقصان پہنچا ہے تاہم اس پر اسمبلی میں بات ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) احتساب کا وعدہ پورا نہیں کر سکی ہے کیونکہ جس طرح لوٹا ہوا پیسہ واپس آنا چاہیے تھا وہ نہیں ہو سکا جبکہ شہباز شریف کے بیرون ملک جانے پر لوگ ہم پر انگلیاں اٹھا رہے ہیں۔

دوسری جانب چیئرمین اسلام نظریاتی کونسل قبلہ ایاز نے ہم نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے تفصیلی کیلنڈر بھیجا ہے جس پر تحقیق کی جا رہی ہے جبکہ ہم اس معاملے پر تمام علمائے کرام سے مشاورت کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فواد چودھری کو انتظار کرنا چاہیے تھا، آنکھ کے ذریعے چاند دیکھنا بہت ضروری ہے جبکہ رمضان المبارک کے چاند کا اعلان رویت کےمطابق ہی ہونا چاہیے۔


متعلقہ خبریں