خوش رہنے کے بس آٹھ اصول


زندگی آسان نہیں اور اس سے کہیں زیادہ مشکل خوش رہنا ہے لیکن اگر غور کیا جائے یا گہرائی سے سوچا جائے تو اس مشکل کو آسان بنانے کے طریقے بھی موجود ہیں جن میں سے چند ہم آپ کو یہاں بتارہے ہیں۔

آج ہم آپ کو خوش رہنے کے وہ  آٹھ رہنما اصول بتائیں گے جن پر عمل کرکے زندگی آسان اور خوبصورت لگنے لگتی ہے اور جب زندگی خوبصورت لگنے لگے تو خوش رہنا مشکل نہیں رہتا۔

درجہ ذیل میں دیئے گئے اصولوں پر عمل کریں اور خوش رہیں۔

مثبت سوچ

اگر زندگی میں طویل المدت بنیادوں پر خوش رہنا چاہتے ہیں تو مثبت سوچ سے گہری دوستی کرلیں اور ہر منفی سے منفی بات میں سے بھی مثبت پہلو نکال لیں۔

آپ 45 دن تک روزانہ صرف تین مرتبہ ایک سے دو منٹ تک اپنی زندگی کا مشاہدہ کریں اور اس کے تین مثبت پہلو نکال لیں پھر 45 دن کے بعد آپ کا ذہن خود ہی ایسا کرنے لگے گا اور یہ مثبت پہلو ہی سوچ کا حصہ ہوں گے۔

چھوٹی چھوٹی خوشیاں

 

زندگی میں کبھی بھی کسی بڑی خوشی یا کامیابی کا انتظار نہ کریں بلکہ چھوٹی چھوٹی خوشیوں اور کامیابیوں کی اتنی خوشی منائیں کہ جسے آپ نے دنیا فتح کرلی ہو۔

متوازن زندگی

اپنی زندگی میں کام اور تفریحات کے درمیان توازن رکھیں ایسا نہ ہو کہ آپ صرف زندگی تفریحات کی نذر کردیں اور ایسا بھی نہ ہو کہ اسے بس کام کام اور کام کے نام کردیا جائے۔

کام کے ساتھ ساتھ خود کو، فیملی کو اور دوستوں کو وقت دیں کم از کم ہفتے میں پارٹی یا گھومنے پھرنے کے ایک پلان پر ضرور عملدرآمد کریں کیونکہ زندگی صرف کام کرنے کا نام نہیں۔

تخلیقی سوچ

آپ کی سوچ اور مزاج میں گہرا تعلق ہوتا ہے، اگر آپ معاشرے کی روایتی سوچ سے ہٹ کر ایک تخلیقی سوچ رکھیں گے تو خوشی محسوس کریں گے۔

تخلیقی سوچ کی کچھ سرگرمیاں بھی آپ کا موڈ اچھا بنا سکتی ہیں جن میں لکھنا، رنگ آمیزی (پینٹنگ) اور موسیقی شامل ہیں۔

خامیاں قبول کریں

 

انسان اس وقت کامیاب ہوسکتا ہے جب وہ اپنا احتساب کرتے ہوئے اپنی خامیاں قبول کرے۔ ایک بات ہمیشہ یاد رکھیں کوئی بھی مکمل اور کامل(پرفیکٹ) نہیں ہوتا لیکن اپنی خامیوں کو قبول کرکے ان میں سدھار لایا جاسکتا ہے۔

اپنی پسند کا کام کریں

ہمیشہ وہ شعبہ منتخب کریں جس میں آپ کی دلچسپی ہو، کبھی بھی اپنی زندگی کے قیمتی سال ان کاموں میں ضائع نہ کریں جو آپ بے دلی سے کررہے ہوں۔

حال میں زندگی گزاریں

اگر خوش رہنا چاہتے ہیں تو تلخ سے تلخ ماضی کو بھی فراموش کردیں اور مستقبل کا نہیں سوچیں کیونکہ انہیں بدلنا آپ کے ہاتھ میں نہیں لیکن انسان کا آج اس کے ہاتھ میں ہے اسی لیے اپنے آج میں جیئں۔

خود اعتمادی

خود اعتمادی خوش رہنے کا سب سے اہم  عنصر ہے اگر انسان میں خود اعتمادی نہیں تو وہ ہمیشہ اپنے آپ کو دوسروں سے کم تر ہی سمجھے گا اور اندر ہی اندر اداس رہے گا لیکن اگر وہ سوچ لے کہ جس طرح ہر انسان میں کوئی نہ کوئی صلاحیت ہوتی ہے اسی طرح آپ میں بھی وہ صلاحیت ہے جو کسی اور میں نہیں۔ جب آپ اپنی اس صلاحیت کو پہنچان لیں گےتو خود اعتماد رہیں گے۔


متعلقہ خبریں