شمالی وزیرستان: مکی گڑھ چوکی پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام


راولپنڈی: پاک فوج نے شمالی وزیرستان کی مکی گڑھ چوکی پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنا دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی اہلکاروں نے وادی شوال کے علاقہ مکی گڑھ چوکی پر دہشتگردوں کے اچانک حملے کو ناکام بنا دیا اور مؤثر جوابی کارروائی سے دہشتگردوں کو فرار ہونے پر مجبور کر دیا۔

دہشتگردوں سے فائرنگ کے تبادلہ میں ایک فوجی جوان بھی شہید ہو گیا

دوسری جانب شمالی وزیرستان کے علاقہ بویا میں سیکیورٹی اہلکاروں کو معمول کی گشت کے دوران نالے سے 5 لاشیں ملیں جن کی جسموں پر گولیوں کے نشانات موجود ہیں جبکہ لاشوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں :پی ٹی ایم کے نوجوانوں کو سیکیورٹی فورسز کے خلاف اکسایا جارہاہے

واضح رہے کہ جس نالہ سے لاشیں ملی ہیں وہ خاڑکمر کی فوجی چوکی سے ڈیڑھ کلو میٹر کے فاصلے پر ہے جہاں گزشتہ روز ایک گروہ نے فوجی چوکی پر حملہ کیا تھا۔

واضح  رہے کہ گزشتہ روز رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ نے اپنے ساتھیوں سمیت سیکیورٹی اہلکاروں کی چیک پوسٹ پر حملہ کر دیا تھا جس کے نتیجے میں پانچ اہلکار زخمی ہو گئے تھے تاہم  جوابی کارروائی میں تین حملہ آور مارے گئے۔

پختونخوا تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کے رہنما علی وزیر سمیت چیک پوسٹ حملے میں ملوث 8 افراد کو بھی گرفتار کر لیا گیا تھا۔

آئی ایس پی آر نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا تھا کہ محسن داوڑ اور علی وزیر کی سربراہی میں ایک گروہ نے خاڑ کمر چیک پوسٹ پر حملہ کیا، جس کا مقصد دہشت گردوں کے مشتبہ سہولت کار کو رہائی دلوانا تھا۔


متعلقہ خبریں