مشیر خزانہ کے خلاف درخواست مسترد



اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے مشیر خزانہ حفیظ شیخ کو بجٹ پیش کرنے سے روکنے کی درخواست مسترد کر دی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں مشیر خزانہ کے خلاف دائر درخواست کی سماعت چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کی۔

درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ قانون کے مطابق مشیر خزانہ اس وقت بجٹ پیش نہیں کرسکتے، جس پر چیف جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیا کہ قانون میں کہاں لکھا ہے بجٹ کون پیش کرسکتا ہے تاہم یہ عدالت آپ کو وقت دے رہے رہی ہے آپ کو تیاری کرکے آنا چاہیے اور ایسی پٹیشنیں اس عدالت میں نہ لایا کریں۔

یہ بھی پڑھیں مشیر خزانہ اور گورنر اسٹیٹ بینک کی تقرری کے خلاف درخواست  مسترد

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے حفیظ شیخ کو بجٹ پیش کرنے سے روکنے کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کر دی۔

واضح رہے کہ 24 مئی کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں مشیر خزانہ حفیظ شیخ کے خلاف درخواست دائر کی گئی تھی جس میں حفیظ شیخ کو کام سے روکنے کی استدعا کی گئی۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ عدالت اسپیکر قومی اسمبلی کو وزیر خزانہ کی تقرری تک حکومت کو بجٹ پیش کرنے سے روکنے کا حکم دے اور عدالت درخواست پر فیصلہ تک حفیظ شیخ کو وزیر خزانہ کے فرائض سر انجام دینے سے روکے۔

درخواست میں کہا گیا تھا کہ کسی بھی غیر منتخب شخص کو یہ اختیار حاصل نہیں کہ وہ قومی اسمبلی میں بجٹ پیش کرے جبکہ حفیظ شیخ مشیر خزانہ ہیں اور انہوں نے ابھی تک حلف بھی نہیں اٹھایا ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی، مشیر خزانہ اور سیکرٹری قانون کو درخواست میں فریق بنایا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں