پارٹی عہدے کے خلاف درخواست پر مریم نواز کو نوٹس جاری

مریم نواز کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ

فائل فوٹو۔–


الیکشن کمیشن آف پاکستان  نے پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے پارٹی عہدے کے خلاف درخواست سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے مریم نواز کو نوٹس جاری کر دیا ہے۔درخواست کی باقاعدہ سماعت 17 جون کو ہو گی۔

چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 3 رکنی کمیشن نے تحریک انصاف کے رہنماؤں کی طرف سے دائر درخواست کی سماعت کی ۔

درخواست گزار وں کے وکیل نے اپنے دلائل میں کہا کہ جولائی 2018 میں احتساب عدالت نے مریم نواز کو مجرم قرار دیا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے 19ستمبر کو مریم نواز کی سزا ختم نہیں کی۔

چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیے کہ سزا معطلی کا یہ مطلب نہیں کہ ٹرائل کورٹ کی سزا ختم ہو گئی۔

درخواستگزاروں کے وکیل نے کہا کہ مریم نواز پارٹی کا عہدہ نہیں رکھ سکتیں۔احتساب عدالت کے فیصلہ کے بعد سپریم کورٹ نے نواز شریف کو پارٹی عہدہ سے نا اہل کیا اسی لیے مریم نواز کو بھی پارٹی عہدے کے لیے نااہل قرار دیا جائے۔

کمیشن نے مریم نواز کے پارٹی عہدے کے خلاف درخواست سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے مریم نواز کو نوٹس جاری کر دیا۔

مریم نواز کو پارٹی عہدہ دیے جانے کےمسلم لیگ نواز کے فیصلے کیخلاف باضابطہ درخواست 7مئی کو دائر کی گئی تھی ۔ درخواست تحریک انصاف (پی ٹی آئی )کے اراکین قومی اسمبلی بیرسٹر ملائکہ بخاری، میاں فرخ حبیب، جویریہ ظفر آہیر اور کنول شوذب کی جانب سے دائر کی گئی تھی۔

درخواست میں مریم نواز کی بطور نائب صدر تقرری کے ن لیگی فیصلے کو آئین و قانون سے متصادم قرار دیا گیا ہے۔ درخواست میں ان تمام قانونی بنیادوں کا احاطہ کیا گیا ہے جن کی رو سے مریم نواز کسی بھی سیاسی و عوامی عہدے کیلئے نااہل ہیں۔

پی ٹی آئی اراکین قومی اسمبلی کی طرف سے دائر کی گئی درخواست میں عدالت عظمیٰ کے فیصلوں کا بھی مفصل ذکر موجود ہے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیاہے کہ احتساب عدالت نے مریم نواز کو عوامی عہدے کیلئے نااہل قرار دیا۔ پارٹی عہدہ نجی حیثیت کا حامل نہیں ہوتا،سیاسی جماعتوں کا پورے سیاسی نظام پر اثررسوخ ہوتا ہے۔

درخواست میں کہا گیاہے کہ پارٹی صدر کی عدم دستیابی پر مریم نواز قائمقام صدر کے اختیارات استعمال کرینگی۔ کیسے ممکن ہے اراکین اسمبلی آرٹیکل 62 ، 63 پر پورا اتریں اور انہیں کنٹرول کرنے والے نہیں؟
پی ٹی آئی رہنماؤں کی طرف سے دائر درخواست میں کہا گیاہے کہ سپریم کورٹ نوازشریف کو بھی پارٹی عہدے کیلئے نااہل قرار دے چکی ہے۔ مریم نواز کو عہدہ رکھنے کی اجازت دینا نوازشریف کو اجازت دینے کے مترادف ہے۔

استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن مریم نواز کی بطور پارٹی نائب صدر تعیناتی کالعدم قرار دے۔

یہ بھی پڑھیے:مریم نواز کے پارٹی عہدہ کے خلاف درخواست کی سماعت 27مئی کو ہو گی


متعلقہ خبریں