نواز شریف سے پوچھ گچھ کیلئے نیب ٹیم کی کوٹ لکھپت جیل آمد


لاہور:قومی احتساب بیورو( نیب )کی تحقیقاتی ٹیم سابق وزیراعظم نواز شریف سےسرکاری گاڑیوں کے غیر قانونی استعمال سے متعلق کیس کی  تحقیقات کیلئے کوٹ لکھپت جیل پہنچ گئی ہے۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ نیب کی چار رکنی ٹیم میں ایڈیشنل ڈائریکٹرحمادحسن نیازی اورڈپٹی ڈائریکٹرانویسٹی گیشن عبدالماجد شامل ہیں۔

نیب اسلام آباد کی ٹیم احتساب عدالت سے اجازت ملنے کے بعد کوٹ لکھپت جیل میں نواز شریف سے تفتیش کیلئے پہنچی ہے۔

کوٹ لکھپت جیل میں نواز شریف سے  تفتیش کی اجازت اسلام آباد کی  احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک نے دی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق نیب حکام جیل میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف سے سارک کانفرنس کے لیے منگوائی گئیں بلٹ پروف گاڑیوں کے ذاتی استعمال پر تفیتیش کریں گے۔

ہم نیوز کو نیب کے ذمہ دار ذرائع نے اس ضمن میں بتایا کہ سارک کانفرنس کے لیے جرمنی سے 34 بلٹ پروف گاڑیاں بغیر ڈیوٹی ادائیگی کے خریدی گئیں جنہیں نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز نے استعمال کیا۔

نیب حکام کے مطابق جرمنی سے درآمد شدہ گاڑیاں سارک کانفرنس 2016 میں شرکت کے لیے آنے والے غیر ملکی مہمانان کے استعمال میں آنا تھیں۔

ہم نیوز کے مطابق نیب حکام کی جانب سے کی جانے والی تفتیش میں اب تک یہ بات سامنے آئی ہے کہ 34 بلٹ پروف گاڑیوں میں سے 20 گاڑیاں سابق وزیراعظم نواز شریف نے اپنے قافلے میں شامل کرلی تھیں۔

نیب بلٹ پروف گاڑیوں کی تفتیش میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا بیان قلمبند کرچکا ہے۔

بلٹ پروف گاڑیوں کے کیس میں سابق وزیراعظم کے سابق پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد اور سابق سیکرٹری خارجہ سے بھی پوچھ گچھ کی جا چکی ہے۔

نیب ذرائع کے مطابق وزارت خارجہ کے افسران نے بلٹ پروف گاڑیوں کے معاملے میں اختیارات سے تجاوز کیا اور ان گاڑیوں کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد کے اہل خانہ نے بھی استعمال کیا۔

یہ بھی پڑھیے:نیب کو نواز شریف سے جیل میں تفتیش کی اجازت مل گئی


متعلقہ خبریں